زرعی ترقی اولین ترجیح ہے، حسین جہانیاں گردیزی

زرعی ترقی اولین ترجیح ہے، حسین جہانیاں گردیزی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 راولپنڈی(اے پی پی)وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ زرعی ترقی پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ماضی میں زرعی شعبے کو نظر انداز کیاگیا۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت نے کہاکہ  حکومت کاشتکاروں کی خوشحالی اور زرعی ترقی کیلئے متعدد عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔  موجود حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کی بدولت مختلف فصلوں کی ریکارڈ پیداوار حاصل کی جارہی ہے۔اسی لئے زراعت کے شعبہ کیلئے ترقیاتی بجٹ میں 300فیصدسے زائداضافہ کیا گیا ہے اور مالی سال 2021-22 کے بجٹ میں زرعی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے.47 31 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی ہے جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ کے لئے جاری منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا تاکہ کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی واقع ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے کاشتکاروں کی سہولت اور ان کے تحفظات کے ازالہ کے لئے حکومت پنجاب نے تاریخ میں پہلی مرتبہ "کسان کارڈ" کے اجرا کا انقلابی پروگرام شروع کیا ہے جس کے ذریعے تمام سبسڈیز کو کیش ٹرانسفر کی صورت میں براہ راست کاشتکاروں کے اکاونٹ میں منتقل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں 3لاکھ 12 ہزاررجسٹرڈ  کاشتکاروں کے اکاؤنٹ بن چکے ہیں۔  حکومت کے اس تاریخی اقدام سے دیہی علاقوں میں ڈیجیٹیل خواندگی بڑھانے کے ساتھ کیش ٹرانسفر کی صورت میں براہ راست مالی معاونت سے کاشتکاروں کو سبسڈی کی رقم اب ان کے اکاؤنٹ میں دستیاب ہو گی جسے کاشتکار اپنی سہولت کے مطابق استعمال کر کے اپنی پیداوار اور منافع میں اضافہ کرسکیں گے۔کاشتکار'' کسان کارڈ ''کے ذریعے  اے ٹی ایم سے براہ راست سبسڈی کی رقم حاصل کر کے بروقت بیج، کھاد اور زرعی زہریں خرید سکیں گے۔انہوں نے بتایاکہ کسان کارڈ کے ذریعے  پنجاب بھر کے 10لاکھ سے زیادہ رجسٹر ڈ کاشتکاروں کو سالانہ اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

مزید :

کامرس -