جشن آزادی کی تیاریاں دھوم دھام سے جاری، جھنڈیوں، ملبوسات کی فروخت میں تیزی
لاہور(رپورٹ و عکاسی افضل افتخار)ملک بھر میں یوم آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری، 14 اگست کی تیاریوں کے لئے کئی دن قبل ہی رنگ برنگی جھنڈیوں سے بازار سج گئے،شہریوں کی بڑی تعداد بازاروں میں امڈ آئی، وطن عزیز سے محبت کرنے والوں کا جوش وخروش عروج پر۔ 14 اگست کے حوالے سے رنگ برنگی جھنڈیوں، بیجر،چوڑیوں اور قومی پرچم والی سبز رنگی شرٹس کی خرید و فروخت عروج پر پہنچ گئی۔ دکانداروں کا کہنا ہے گزشتہ سال کی نسبت اس سال خریداروں کا رش زیادہ ہے۔یوم آزادی منانے کیلئے پرچم کی خریداری میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہو جاتا ہے،پرچم کی طلب کو پورا کرنے کیلئے پرنٹنگ پریس مالکان دن رات مصروف نظر آتے ہیں۔پرنٹنگ پریس کے مالک کا کہنا ہے کہ قومی پرچم کی تیاری میں کاروبار کے ساتھ ان کی وطن سے محبت شامل ہوتی ہے۔پرنٹنگ پریس میں کام کرنے والے مزدوروں کا کہنا تھا کہ کام کی زیادتی کے باعث انہیں دن رات کام کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر یو ں کا کہنا ہے کہ کئی دن قبل ہی 14 اگست کی خریداری کر کے گھروں کو سجانا ہے تاکہ یوم آزادی بھر پور طریقے سے منایا جائے۔14 اگست کے قریب آتے ہی گلی محلے بازاروں میں رش بڑھ جاتا ہے،خاص کر بچوں کا جوش و جذبہ دیدنی ہوتا ہے۔