عوام کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں،سعدیہ سہیل
لاہور(پ ر) آفیشل سپوکس پرسن چیف منسٹر و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ عوام احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں اور کرونا ایس او پیز پر عمل کریں ملک میں کورونا کیسوں میں پھر اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔ بھارت سے پھیلنے والا وائرس زیادہ خطرناک ہے۔ عوام دوبارہ تالا بندی اورسخت فیصلوں سے بچنے کے لئے احتیاط کریں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر صحیح معنوں میں ہم نے احتیاط کی تو ممکنہ چوتھی لہر سے بچ سکتے ہیں۔ قوم اور معیشت کی خاطر لوگ ماسک ضرور پہنیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم اس عالمی وبا سے اس طرح متاثر نہیں ہوئے جیسے ہمارے ہمسایہ ملک سمیت دنیا میں بہت سے ممالک کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں آج بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو پاکستان میں ہی اس وبا سے لاکھوں لوگوں کے متاثر ہونے اور ہزاروں لوگوں کے مرنے کے باوجود اس بیماری کو مغربی ممالک یا کچھ بڑی کمپنیوں کی سازش قرار دیتے ہوئے اس کے وجود سے انکار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ہمارے ہاں اس وبا کی وجہ سے جتنا نقصان ہوا اس کے ہونے میں ایک حصہ اس رویے کا بھی ہے۔ عوام ایسی باتوں پر توجہ دینے کی بجائے وبا سے نمٹنے کے لیے ویکسین لگوائیں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔