عمران خان پاکستانی سیاست کا غیر اہم حصہ، ملک کو سیکولرسٹیٹ بنانے کیلئے قانون سازی نہیں کرنے دینگے: فضل الرحمن
کراچی(این این آئی)جمعیت علمائے اسلام کے قائد اورپی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی انتخابی اصلاحات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ دھاندلی کی پیداوار حکومت کے تحت انتخابات قبول نہیں، بلدیاتی انتخابات کا اعلان ڈھونگ ہے،ہمارامطالبہ منصفانہ عام انتخابات ہیں،گھریلو تشدد اور وقف املاک کے حوالے سے پارلیمنٹ میں زیر غور دونوں بل آئین و قانون اور قرآن سنت کے منافی ہیں، گھریلو تشدد کے خاتمے کے حق میں ہیں لیکن موجودہ قانون سے خاندانی زندگی تباہ و برباد ہوگی،ہم پر مسلط کی گئی حکومت ناجائز ہے،نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تنہا ہورہاہے،پاکستان کو سیکولر اسٹیٹ بنانے کے لئے قانون سازی نہیں کرنے دیں گے،عمران خان پاکستانی سیاست کا غیر اہم حصہ ہے،نا اہل حکمرانوں نے ملک کو تنہا کردیا ہے، کے پی کے میں کورونا کی مد میں تین ارب کی کرپشن ہوئی ہے،پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں ملک گیر احتجاج کی حکمت عملی طے کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکی شب جے یوپی کے سربراہ صاحبزادہ اویس نورانی کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ بیت الرضوان پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دوسری جانب مولانا فضل الرحمن نے پی ٹی آئی کے رہنما امیر بخش بھٹو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔انہوں نے امیر بخش بھٹو سے ان کے والد سابق گورنر و وزیراعلی سندھ ممتازبھٹو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیااور فاتحہ خوانی کی۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ممتاز بھٹو میرے والد کے سیاسی دوست تھے۔ملک کی سیاست میں ممتاز بھٹو کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔امیر بخش بھٹو کے ترجمان انور گجر کے مطابق امیر بخش بھٹو نے مولانا فضل الرحمن کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
مولانا فضل الرحمن