پنجاب میں گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 619افراد گرفتار، تین کروڑ 78لاکھ روپے جرمانہ 

  پنجاب میں گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 619افراد گرفتار، تین کروڑ 78لاکھ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنر ل رپورٹر)وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت نے صوبے میں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے،گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گرانفروشی پر619 افراد کو گرفتار اور 712 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ نا جائز منافع خوروں کوتین کروڑ78لاکھ روپے کے جرمانے بھی کئے گئے۔کریک ڈاؤن سے متعلق تفصیلات چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران پیش کی گئیں۔اجلاس میں اشیاء کی قیمتوں، پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اورزرعی منڈیوں میں سبزیوں کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کی گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ پرائس کنٹرول سے متعلق کارکردگی کا ہر ہفتے باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا، ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ترجیح ہے۔چیف سیکرٹری نے لاہور، میانوالی، منڈی بہاؤلدین اور گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنرز کوپرائس کنٹرول اقدامات بہتر بنانے کے احکامات بھی جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہورمیں بہترین افسران تعینات کئے جاتے ہیں اس لئے ان سے توقعات بھی زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں جو افسر کام کرے گا وہی عہدے پر رہے گا، گرانفروشی کی روک تھام کیلئے انتظامی افسران متحر ک انداز میں اپنے فرائض سر انجام دیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اعتدال کیلئے زرعی منڈیوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، نیلامی کے عمل میں زیادہ نرخ مقرر کر کے مہنگائی پیدا کرنے والے کمیشن ایجنٹس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی صارفین کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔چیف سیکرٹری نے زرعی منڈیوں میں نیلامی کے عمل میں بیس پرائس کا تعین کرنے کیلئے تجاویز تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پرائس مجسٹریٹس نے صوبہ میں ایک لاکھ 74ہزار سے زائد انسپکشنز کیں اوراوور چارجنگ، ذخیرہ اندوزی سمیت 29ہزار خلاف ورزیاں پائی گئیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، صنعت،خوراک،زراعت کے سیکرٹریز، سی ای او اربن یونٹ نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
 کریک ڈاؤن

مزید :

صفحہ آخر -