محتسب پنجاب کی مداخلت پردوکیسز میں 243 کنال اراضی واگزار

محتسب پنجاب کی مداخلت پردوکیسز میں 243 کنال اراضی واگزار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خصوصی رپورٹ)محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی مداخلت پر مختلف شکایت کنندگان کو گزشتہ دو ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 10کروڑ 13لاکھ 68ہزار 204روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔ سب سے بڑا ریلیف ضلع جھنگ میں دو مختلف سرکاری زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کروا کے دیا گیا۔ ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے شرافت عباس کی درخواست کے مطابق ضلع جھنگ میں صوبائی حکومت کی ملکیتی زمین پر قبضہ مافیا نے گزشتہ 47سال سے قبضہ کر رکھا تھا اورجس پر وہ ہر سال نہ صرف لاکھوں روپے کما رہے تھے بلکہ ان سے اب تک کوئی لگان بھی وصول نہیں کیا گیا تھا۔ محتسب آفس میں شکایت کنندہ کی درخواست کے بعد کارروائی کا آغاز کیا گیا اور ممبر کالونیز، بورڈ آف ریونیو پنجاب لاہور نے محتسب پنجاب کے پاس ذاتی طور پر حاضر ہو کر زمین کو واگزار کروانے کے بارے میں تحریری رپورٹ پیش کی جس کے مطابق محتسب کے حکم پر متعلقہ محکموں نے کارروائی کرتے ہوئے 166کنال 17مرلے رقبے کو قابضین سے واگزار کروائی جانے والی زمین کی مالیت 3کروڑ 75لاکھ41ہزار 250روپے ہے،اسی طرح ضلع جھنگ کے رہائشی محمد اعظم طارق کی درخواست پر76کنال 6مرلہ زمین کو بھی قابضین سے واگزار کروائی گئی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق اس سرکاری رقبے پر قابضین نے چراگاہیں بنا رکھی تھیں اورزمین کی کل مالیت 1کروڑ 90لاکھ75ہزار روپے ہے، اسی طرح متفرق درخواستوں جن میں بل ادائیگیاں، پنشن، گریجوایٹی، ڈیتھ گرانٹس، لیوانکیشمنٹ، فنانشل اسسٹنس شامل تھیں کو نمٹاتے ہوئے محتسب پنجاب کی طرف سے متاثرین کو4کروڑ47لاکھ51ہزار 954روپے کا ریلیف بھی فراہم کردیا گیا ہے۔
محتسب پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -