پشاور، ناروا اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
پشاور (سٹی رپورٹر)پشاور کے ارمڑ اور میرہ کچوڑی سمیت مختلف دیہاتوں کے عوام نے اتوار کے روز بجلی بندش کیخلاف جی ٹی روڈ سے جمیل چوک رنگ روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی مشتعل مظاہرین نے پیسکو حکام کیخلاف نعرے بازی کی اور اعلان کیا کہ اگر بجلی بحا ل نہ کی گئی تو رنگ رو ڈ کو مکمل بند کریں گے مظاہرین کی قیادت ن لیگ پی کے 70 کے صدر ایوب خان ارمڑ، شہریار ارمڑ اور دیگر کر رہے تھے مظاہرین نے کہا کہ پیسکو اور واپڈا اہلکاروں نے ارمڑ میانہ، ارمڑ بالا، میرہ کچوڑی اور دیگر ملحقہ دیہاتوں کی بجلی کی سپلائی بند کر دی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ علاقوں کے عوام انتہائی مشکل زندگی گزار رہے ہیں چھ دنوں سے بجلی بندش کے باعث علاقے میں مساجد اور گھروں میں پانی کی قلت ہے روزگار متاثر ہو رہا ہے بچوں اور خواتین کی زندگی عذاب بن گئی ہے مچھر کاٹنے سے علاقہ مکینوں میں بیماریاں پھیل رہی ہیں ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں کے لوگ ہر ماہ بجلی کے بلز بھی جمع کرواتے ہیں لیکن اس کے باوجود موجودہ حکومت کے کہنے پر پیسکو او ر واپڈا اہلکاروں نے بجلی منقطع کر دی ہے جو ناانصافی ہے مظاہرین نے حکومت اور پیسکوحکام سے مطالبہ کیا کہ ان دیہاتوں میں بجلی کی سپلائی بحال کی جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہو سکے انہوں نے اعلان کیا کہ اگر بجلی فوری طور پر بحا ل نہ کی گئی تو رنگ رو ڈ کوہر قسم ٹریفک کیلئے مکمل بند کرینگے اور کسی قسم کے نقصان کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔