وزیراعلیٰ کے مشیر خلیق الرحمان نے سیاحوں کو لوٹنے کا نوٹس لے لیا

         وزیراعلیٰ کے مشیر خلیق الرحمان نے سیاحوں کو لوٹنے کا نوٹس لے لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر) مشیر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا برائے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خلیق الرحمن نے دوسرے صوبوں سے خیبر پختونخواکو سیاحت کے لئے آنے والے سیاحوں سے ناروا سلوک اورغیر قانونی طور بلا وجہ تنگ کرنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ایکسائز سکواڈ ہزارہ ریجن کو معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری کے احکامات جاری کردئیے۔مشیرایکسائز کے ہدایات پر ڈی جی ایکسائز نے سکواڈ کے تمام عملے سے سرکاری گاڑیاں فوری طور پر وئیر ہاوس میں جمع کرنے کے تحریری احکامات جاری کردئیے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مشیر برائے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا خلیق الرحمن نیشنل تھرو بال چمپئین شپ کی تقریب میں شرکت کے لئے ناران جارہے تھے انہوں نے بالاکوٹ بائی پاس کے قریب ایکسائز سکواڈای آئی بی۔3 کو چیک کیا تو سکواڈ کے عملے نے دیگر صوبوں سے آنے والے سیاحوں کو روک کر ان کے سامان کو کھول کر بلا وجہ تلاشی لے رہے تھے۔ اس موقع پر مشیر ایکسائز و ٹیکسیشن خلیق الرحمن نے سکواڈ انچارج اے ایس آئی سردار عبدالمجید سے کاروائی کے حوالے سے باز پرس کی تو وہ جواب نہ دے سکیں۔ جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل محکمہ ایکسائز کو فوری طور پر متعلقہ سکواڈ کے خلاف کاروائی کی ہدایت کی۔ اس موقع پر مشیر ایکسائز و ٹیکسیشن خلیق الرحمن نے سیاحوں کے پاس جاکر ان کو ناران کی جانب رخصت کیا اور واقعے پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کے احکامات جاری کردئیے۔ ڈی ایکسائز نے فوری طور پر مذکورہ اہلکاروں کو معطل کرنے اور ان سے سرکاری گاڑیاں فوری طور پر وئیر ہاؤس میں جمع کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔ ڈی جی ایکسائز نے ایکسائزو ٹیکسیشن آفیسر مسعود الحق کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بناکر متعلقہ واقعے کی رپورٹ پانچ روز میں طلب کرلی۔ مشیر برائے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خلیق الرحمن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے کام کر رہی ہے اور بعض ایسے عناصر ہے جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبی خیبر پختونخوا کے جس علاقے اور خاص کر سیاحت کے لئے مخصوص مقامات کے حوالے سے کسی قسم کی شکایت موصول ہوئی تو ایسے عناصر کے خلاف فوری طور پر سخت ایکشن لیا جائیگا۔ سیاح ہمارے مہمان ہیں اور ان کی میزبانی کرنا ہمارا معاشرتی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ انکوائری میں ملوث ہونے والے تمام عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔