جعلی جراثیم کش ادویات کی فروخت پر سخت ایکشن لیا جائے،منظور وسان 

جعلی جراثیم کش ادویات کی فروخت پر سخت ایکشن لیا جائے،منظور وسان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ مشیرِ زراعت منظور حسین وسان نے محکمہ زراعت سندھ کے افسران کو ہدایات دی ہیں کہ صوبے میں جعلی اور نقلی جراثیم کش ادویات کی فروخت پر سخت ایکشن لیا جائے اور جو بھی اس جرم کا مرتکب پایا جائے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت میں بہتر نظم و نسق کے ذریعے صوبے کی زراعت کو مستحکم کریں گے۔کھاد کی بوری میں کم وزن کی اطلاعات ملنے پر منظور وسان نے ہدایات دیں کہ کم تولنے اور کم وزن بوری فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی زراعت کا فروغ اور کاشتکار کو بہتر سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ اچھی فصل حاصل ہو اور معیشت کو استحکام ملے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں زراعت کے شعبے سے لگ بھگ 50 فیصد افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ لہذا زراعت کی ترقی سے ہم روزگار کو بڑھائیں گے اورسندھ میں زراعت کی ترقی اور جی ڈی پی گروتھ کو 21 فیصد سے بڑھانے کے لئے کام کریں گے۔منظور حسین وسان نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود گندم اور کپاس تک درآمد کرنا پڑ تی ہے۔ ایسا وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کے سبب ہے۔ہماری کوشش ہوگی کہ کپاس اور گندم کی درآمد پر اربوں ڈالر زرِ مبادلہ کے خرچ کی بچت کی جائے تاکہ قرض اور ادھار پر چلنے والی ملک کی معیشت کو استحکام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں کپاس، گندم، چاول، گنا اور دیگر نقد آور فصلوں پر خصوصی توجہ دے کر ملک کو زرعی میدان میں خود کفیل بنائیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -