پیپلز پارٹی کا 13سالہ دور حکومت ناکامی کا دور ہے: محمد حسین محنتی 

  پیپلز پارٹی کا 13سالہ دور حکومت ناکامی کا دور ہے: محمد حسین محنتی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ نے وفاقی اور سندھ حکومت کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے تمام تر حکومتی وسائل کو عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کیا جائے۔وفاقی وصوبائی حکومتیں وزراء ومشیروں کی تعداد میں مقابلہ کی بجائے کارکردگی پرتوجہ دیں۔54وزراء مشیر وخصوصی معاونین کی کابینہ حکومتی دعووں کی نفی اورقومی دولت کا ضیاع ہے۔کراچی تاکشمور سندھ بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے عملی طور ڈاکو راج قائم ہے۔14اگست ملکی تاریخ کا اہم دن ہے اس کو بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ مناکر نوجوان نسل کو پاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کیا جائے۔ قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیرمحمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کا سندھ میں 13سالہ دور حکومت ناکامی کا دور ہے، تیل،گیس،کوئلے سمیت قدرتی معدنیات سے مالا مال خوشحال سندھ کے عوام حکمرانوں کی کرپشن وانااہلی اور کی وجہ سے آج بیروزگاری،مہنگائی، بھوک وافلاس حتیٰ کہ صحت وتعلیم اور صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے،وفاقی حکومت گلگت وکشمیر کے بعد سندھ کو فتح کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ملک بھر سے ہٹ کر سندھ میں لاک ڈاؤن کے نام پر معیشت،تعلیم تباہ اور لوگوں کو فاقہ کشی پر مجبور کیا جارہا ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے کی بجائے وزیروں ومشیروں میں اضافہ اور”عوام لڑاؤ حکومت کرو“ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، حکمرانوں کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے قبل از وقت عام انتخابات کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال، پانی،امن وامان سمیت دیگر امور پر قراردادیں منظور کرنے کے علاوہ سیاسی وتنظیمی امور پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر صحافی اورمقامی اخبار کے ایڈیٹر(روزنامہ امت) رفیق افغان سمیت دیگر مرحومین کی مغفرت اورصوبائی نائب قیم محمد مسلم ودیگر بیماروں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔محمد حسین محنتی نے ذمہ داران پرزور دیاکہ وہ موجودہ صورتحال میں چیلینج سمجھ کرعوامی خدمت اوراقامت دین کی جدوجہد کو آگے بڑھائیں،تمام بڑی پارٹیاں باربار اقتدار میں آنے کے باوجود عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں اسلامی نظام اوردیانتدار قیادت ہی تمام مسائل کا حل ہے جماعت اسلامی بھی اسی طرف پیش قدمی کررہی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -