حلیم عادل شیخ سیاست میں بد اخلاقی کی پہچان ہیں،ناصر حسین شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر بلدیات سیدناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ حلیم عادل شیخ صوبے کی سیاست میں بد اخلاقی اور بد تمیزی کی پہچان ہیں، حلیم عادل شیخ آئی جی سندھ پر اس لیے تنقید کرتے ہیں کہ خود ان کے ہاتھ صاف نہیں، انہیں چاہیئے کہ لینڈ گریبنگ، بھتہ خوری چھوڑ دیں، سکون آ جائے گا،عوام کے ووٹوں کی وجہ سے پی پی سندھ میں 13 سالوں سے حکومت کررہی ہے۔وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے اتوارکو جاری اپنے بیان میں کہاکہ حلیم عادل شیخ اپنے ہاتھ صاف نہیں اس لیے آئی جی پر تنقید کرتے ہیں، آپ کے اپنے ہاتھ صاف نہیں ہوں گے تو نیند میں بھی پولیس نظر آئے گی، حلیم عادل شیخ صوبے کی سیاست میں بد اخلاقی اور بد تمیزی کی پہچان ہیں۔انہوں نے کہاکہ حلیم عادل کو چاہیے لینڈ گریبنگ، بھتہ خوری چھوڑ دیں، حلیم عادل کو تو اپنی اپوزیشن بھی اون نہیں کرتی، شہبازگل سندھ میں جھنڈے گاڑنے کی بات کرتے ہیں، آپ کا تو پنجاب اور خیبرپختونخوا سے بھی جھنڈا اکھڑ رہا ہے، پی ٹی آئی نے تو اپنے علاقوں میں بلدیاتی نظام چلنے ہی نہیں دیا۔انہوں نے کہاکہ عوام کے ووٹوں کی وجہ سے پی پی سندھ میں 13 سالوں سے حکومت کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مسترد ہونے پر مصطفی کمال کو بھی مہاجروں کے حقوق یاد آگئے، ہم پہلے ہی سمجھتے تھے کہ پاک سرزمین اور ایم کیو ایم ایک ہیں، مصطفی کمال کو علم ہونا چاہیے یہ مہاجر نہیں اردو بولنے والے سندھی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم پہلے ہی سمجھتے تھے کہ پاک سر زمین پارٹی اور ایم کیو ایم ایک ہی ہیں، مصطفی کمال مگرمچھ کے آنسووں کے بعد اب نفرت کی سیاست پر آگئے ہیں۔