لاک ڈاؤن کے دوران کراچی میں ڈاکو راج عروج پر پہنچ گیا 

 لاک ڈاؤن کے دوران کراچی میں ڈاکو راج عروج پر پہنچ گیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی(اسٹاف رپورٹر)31جولائی سے 8 اگست تک 9 روزہ لاک ڈاؤن کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 25 افراد کو فائرنگ کر کے زخمی اور دو افراد کو موت کے گھاٹ اتارا۔تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے کراچی سمیت صوبے بھر میں گزشتہ ماہ 31 جولائی سے 8 اگست تک 9 روزہ لاک ڈاون لگایا تھا اور اس دوران تمام ضلعی ایس ایس پیز نے اپنے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد کرانے اور خلاف وزری کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا تھا، جس کے بعد شہر بھر کی پولیس نہ صرف متحرک ہوگئی اور علاقوں میں سائرن بجا کر اپنی موجودگی کا بھی احساس دلاتی رہی، تاہم اس کے باوجود کراچی میں ڈاکو راج عروج پر پر رہا۔31 جولائی سے 8 اگست تک 9 روزہ لاک ڈاون کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکووں نے مزاحمت پر 25 افراد کو فائرنگ کر کے زخمی اور دو افراد کو قتل کردیا۔ جب کہ پولیس ایس او پی پر عملدرآمد کرانے کی آڑ میں اس بات کا تعین کرنے میں مصروف رہی کہ کون دکان کھول سکتا ہے اور کون نہیں کھول سکتا، جب کہ اس دوران بعض مقامات پر پولیس کی مبینہ رضا مندی سے دکان کے اندر سے بیٹھ کر کام کرنے اور آدھا شٹر اٹھا کر کام کرنے کا دھندا بھی چلتا رہا، جب کہ ٹیک اوے کی مکمل پابندی کے باوجود پولیس کی مبینہ سرپرستی میں یہ عمل بھی جاری رہا۔لاک ڈاون کے دوران ڈاکووں نے بھی اپنی بھرپور موجودگی کا احساس دلاتے ہوئے ڈکیتی کے دوران  جوہر موڑ، نارتھ ناظم آباد، فائیو اسٹار چورنگی، گلشن اقبال، ڈسکو بیکری، نیو کراچی، خمیسو گوٹھ، کورنگی ناصر جمپ، کرسچن کالونی، سرسید ٹاون، خواجہ اجمیر نگری، کورنگی 3 نمبر، غریب نواز کالونی، بلدیہ 4 نمبر، سکھن، بھینس کالونی روڈ نمبر 8، شاہ لطیف ٹاوں سیکٹر 16، شارع نور جہاں بلاک کیو، اورنگی ٹاون، بہارکالونی، کورنگی 3 نمبر، کورنگی 4 نمبر ایل ایریا، ڈیفنس فیز ٹو، پاک کالونی، جہان آباد، شاہ لطیف ٹاون، یوسف پلازہ بلاک 16، راشد منہاس روڈ، منگھوپیر ناردرن بائی پاس کٹ گیلانی سوسائٹی، تیموریہ، نارتھ ناظم آباد بلاک ایم اور سچل عباس ٹاون میں مزاحمت پر 25 شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔ڈاکووں کی دیدہ دلیری کا اس بات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ انھوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے بفرزون ڈی سی سینٹرل آفس کے عقب میں دن دیہاڑے منی ایکسچینج کی کیش وین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے کیشئر اور سیکیورٹی گارڈ کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جب کہ ایک سیکیورٹی گارڈ کو زخمی کر کے وین میں موجود 9 لاکھ 85 ہزار روپے سے بھرا تھیلا چھین کر فرار ہوگئے، جس کا پولیس تاحال سراغ لگانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -