سکھر، آئی جی موٹر وے سید کلیم امام کی ہدایت پر شجرکاری مہم کا آغاز
سکھر(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ترجمان موٹروے پولیس سکھر کے جاری کردہ بیان کے مطابق آئی جی موٹر وے سید کلیم امام، ڈی آئی جی موٹر وے سندھ علی شیر جکھرانی کی خصوصی ہدایت پر ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر جاوید اقبال چدھڑ کی زیر نگرانی سکھر سیکٹر این فائیو میں شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے،اس سلسلے میں روہڑی ٹول پلازہ نیشنل ہائی وے پر شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے لگائے گئے، نیشنل ہائی وے کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالجبار شیخ اور موٹر وے پولیس کے افسران جن میں ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر خالد محمود نواز، ڈی ایس پی طارق علی عباسی سمیت بڑی تعداد میں موٹر وے پولیس کے افسران و ملازمین نے شجری کاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودے لگائے۔اس موقع پرموٹر وے پولیس کے افسران نے عام عوام کو درختوں کے اہمیت کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے اور فضائی آلودگی کے خاتمے کے لئے درخت انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، بد قسمتی سے گزشتہ دھائیوں میں ملک کے مختلف حصوں میں درختوں کی کمی کی وجہ سے ملک میں قدرتی آفات نے ملک کے مختلف حصوں میں نقصان پہنچایا، جبکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوا۔ جس کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے ملک بھر میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے لگائے جارہے ہیں اور اس ضمن میں سکھر سیکٹر میں پولیس اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے تیس ہزار پودے لگائے جائیں گے تاکہ پاکستان کو سرسبز اور شاداب بنایا جاسکے اور ملک میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے خاتمے سمیت قدرتی آفات سے بچاجاسکے۔