سکھر، پی پی نے سندھ کو موہن جو دڑو میں تبدیل کردیا ہے، منور چوہان
سکھر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)تحریک انصاف کے ضلعی رہنما منور چوہان نے کہا ہے کہ سندھ کی حکمراں جماعت نے اپنے دورہ اقتدار میں شہرکو بہتر بنانے اور لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے موہنجوداڑو میں تبدیل کرکے سہولیات سے محروم کردیا ہے۔بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کیلئے یوسی کے فنڈ کو مختلف انداز سے ٹھکانے لگایا جارہا ہے مگر عوام ان چال بازوں کو اچھی طرح پہچان چکی ہے اور آئندہ کسی بھی انتخابات میں قصہ پارینہ ہوجائیگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بغدادی محلہ فلاحی تنظیم کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں پارٹی عہدیدارن سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔منور چوہان کا کہنا تھا کہ سندھ میں اقتدار نہ ہونے کے باوجود ہم نے سکھر وآس پاس کے علاقوں میں ہم نے لوگوں کو بجلی،انٹرنیٹ ودیگر بنیادی سہولیات مہیا کی ہیں۔بابن شاہ قبرستان کی چار دیواری،نکاسی فراہمی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرتے رہینگے، ہم نے سکھر شہر سمیت اطراف میں چار سو سے زائد چھوٹے بڑے ٹرانسفارمرز اور بجلی کے نظام کو بہتر بناکر لوگوں کی مشکلات کو کافی حد تک کم کیا۔فنکشنل لیگ کے رہنما بچل مہر کا کہنا تھا کہ آنیوالا دور حقیقی نمائندوں کا ہوگا اور وہ وقت دور نہیں کہ جب لٹیروں،منی لانڈرنگ اور پرچی کے ذریعے اقتدار میں آنیوالوں کو عوام ووٹ کی طاقت سے سیاست سے آؤٹ کردینگے۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کابینہ میں وزراء،مشیر،معاون خصوصی اور بیورو کریٹس کی بھرمار کے باوجود عوام بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات سے دوچار ہیں انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہم اپنے اتحادیوں کیساتھ مل کر دیہی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھائینگے اور مسائل بھی حل کرینگے۔