ڈاکٹر ماہا مبینہ خودکشی کیس، ملزمان پر فرد جرم عائد، کون کونسی دفعات شامل کی گئیں ؟ جانئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) عدالت نے ڈاکٹر ماہا کی مبینہ خودکشی کیس میں گرفتار ملزمان پر فرد جر م عائد کردی، فرد جرم میں قتل با السبب اور زیادتی کی دفعات بھی شامل ہیں۔
نجی ٹی و ی ہم نیوز کے مطابق کراچی کی سٹی کورٹ میں ڈاکٹر ماہا کی مبینہ خودکشی کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا،
عدالت کی جانب سے استغاثہ کی درخواست پر شواہد چھپانے کی دفعات بھی فرد جرم میں شامل کی گئیں جبکہ ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کیا گیا۔
بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہان اور تفتیشی افسر کو 4ستمبر کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گزری میں خاتون ڈاکٹر نے اپنے آپ کو گولی مار کر خودکشی کر لی تھی، خاتون ڈاکٹر کلفٹن کے نجی ہسپتال میں نوکری کرتی تھی۔پولیس کے مطابق گزری تھانے کے قریب خاتون ڈاکٹر ماہا علی شاہ نے گھر کے واش روم میں خود کو گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی جنہیں شدید زخمی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ 3 گھنٹے سے زائد زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد جاں بحق ہو گئی تھیں۔