کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )جے ایس بینک کی دو برانچز میں 75 کروڑ کے فراڈ میں ملوث مزید چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ایس پی انوسٹی گیشن الطاف حسین نے بتایا کہ مذکورہ فراڈ کیس میں گرفتار افراد کی تعداد14 ہوگئی ہے جن میں 6 بینک ملازم شامل ہیں۔ایس پی الطاف حسین کے مطابق دیگر ملزموں کو سہولت کاری کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار سہولت کار سادہ لوح افراد کو بینک سے قرض دلانے کا جھانسہ دینے میں ملوث ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق ملزم بینک سے قرض منظور کر نے کے لئے سادہ لوح افراد کے شناختی کارڈ استعمال کرتے تھے۔ملزموں نےدوران تفتیش طریقہ واردات بھی بتادیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قرض منظوری کے مرحلے کے دوران دو بیگز بینک لائے جاتے تھے۔ ایک بیگ میں اصلی اور دوسرے میں نقلی زیورات موجود ہوتے تھے۔پولیس کے مطابق بینک میں موجود جیولر کو اصلی زیورات کا تھیلا دکھا کر این او سی لی جاتی تھی۔ جیولرز سے کلین چٹ ملنے پر گولڈ فنانس ایگزیگٹیو عدیل لطیف اصل کے بجائے نقلی زیورات بینک میں رکھ دیتا تھا۔
تفتیشی حکام نے انجانے میں جعلسازی کا شکار ہوجانے والے افراد کو پولیس کی روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔جے ایس بینک کے دو برانچز میں 75 کروڑ غبن کا معاملہ دو اگست کو سامنے ا?یا تھا۔ جے ایس بینک گلستان جوہر اور گلشن اقبال برانچ میں غبن اور مبینہ خردبرد پر دو مقدمات درج ہوئے ہیں۔