موٹرسائیکل سوار وں کے ایک گروہ نے گاڑی سے خاتون کو کھینچ کر باہر نکال لیا اور پھر ایسی حرکت کہ لوگ کانوں کو ہاتھ لگانے لگے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) سڑک پر دوران ڈرائیورنگ لوگوں کے مابین گاہے تلخ کلامی کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں تاہم گزشتہ دنوں امریکہ میں موٹرسائیکل سواروں کے ایک گروہ نے ایک خاتون کے ساتھ ایسا سلوک کر ڈالا کہ ویڈیو منظرعام پر آئی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگانے لگے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کے شہر پروائیڈینس میں ایک ٹریفک سگنل پر پیش آیا۔
موٹرسائیکل سواروں نے خاتون کو گاڑی سے کھینچ کر باہر نکالا اور سڑک پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناڈالا۔ دیگر مسافروں کی طرف سے اس واقعے کی ویڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر پوسٹ کی گئی ہے جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس موٹرسائیکل سواروں کے گروہوں میں 24سالہ شائنے بوئزورٹ نامی لڑکی بھی شامل تھی، جسے دیگر ملزمان کے ہمراہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار سگنل پر آگے کھڑے تھے اور متاثرہ خاتون اپنی گاڑی میں ان کے پیچھے کھڑی تھی۔ سگنل کی بتیاں دو بار سرخ ہو کر سبز ہوئیں لیکن موٹرسائیکل سوار اپنی خوش گپیوں میں مصروف رہے، جس پر تنگ آ کر خاتون نے ہارن بجانا شروع کر دیا۔ اس پر ان لوگوں نے خاتون کو گاڑی سے نکال کر تشدد کا نشانہ بناڈالا۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔