حکومت پارلیمنٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نشستیں مختص کرے، سراج الحق

حکومت پارلیمنٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نشستیں مختص کرے، سراج الحق
 حکومت پارلیمنٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نشستیں مختص کرے، سراج الحق

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نشستیں مختص کرے۔ ایوان میں اوورسیز کی نمائندگی وہاں کی منتخب لیڈرشپ کی جانب سے ہی ہونی چاہیے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی ملک میں جائیدادوں پر قبضے ہورہے ہیں ، شکایات پر ان کی کہیں شنوائی نہیں ہوتی۔سالانہ 30 ارب ڈالر زکی ترسیلات ملکی معیشت کو سہارا دینے والا سب سے بڑا ذریعہ ہیں ، رقوم بھیجنے والوں کے مسائل کو لٹکانا حکمرانوں اور بیورو کریسی کا معمول بن چکا، ظلم بند کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں2روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں 25 ممالک سے وفود نے شرکت کی۔کانفرنس کی میزبانی شعبہ امور خارجہ جماعت اسلامی نے کی۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر صوبہ خیبر پختونخواہ پروفیسر ابراہیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن،ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی، رہنما جماعت اسلامی حافظ ادریس اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصرشریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی سفارتخانوں کو  اوورسیز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایکٹو کیا جائے۔ ایمبیسیز کے اہلکار اپنی مدت ملازمت پوری کرنے اور اپنے عزیزواقارب کے لیے نوکریاں تلاش کرنے کی بجائے پاکستانیوں کے لیے وقت نکالیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو کمپنیوں سے بغیر وجہ نوکریوں سے نکال دیا جاتا ہے، ان کے کنٹریکٹ کو قانونی تحفظ نہیں ملتا، معمولی غلطی کے ارتکاب پر انہیں برسوں جیل میں رکھا جاتا ہے۔ اوورسیز منسٹری اور سفارتخانے ایشوز پر توجہ دیں۔قومی ائیر لائن کے ریٹس کم کیے جائیں۔ ملکی ائیرپورٹس امیگریشن پراسیس ، میڈیکل سرٹیفکیٹس کے حصول کے طریقہ کار کو آسان کیا جائے۔ آن لائن شکایات کے ازالے کے لیے فوری ایکشن لیے جائیں۔

مزید :

قومی -