یوکرائن کے ایٹمی بجلی گھر پر حملہ خودکشی کے مترادف، ایٹمی جنگ کا خطرہ پھر پیدا ہو گیا: اقوام متحدہ
نیو یارک (آئی این پی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ کئی عشروں کے بعد ایٹی جنگ کا خطرہ پھر منڈلا رہا ہے اور ایٹمی ہتھیاروں کے حامل ملکوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جنگ میں پہل نہ کرنے کے اپنے وعدے پر عمل کرتے رہیں۔رائیٹرز کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوترش نے ایٹمی ہتھیاروں کے حامل ملکوں کے درمیان جنگ کا خطرہ بڑھنے پر سخت خبردار کیا ہے۔انھوں نے یوکرین میں زاپوریڑیا ایٹمی بجلی گھر پر حملے کے بارے میں جو یورپ کا سب سے بڑا ایٹمی بجلی گھر شمار ہوتا ہے، ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایٹمی بجلی گھر پر حملہ خودکشی کے مترادف ہے۔روس کے نیشنل ڈیفنس کنٹرول سینٹر کے سربراہ میخائل میزنتسوف نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ زاپوریڑیا ایٹمی بجلی گھر میں رونما ہونے والا کوئی بھی حادثہ،چرنوبل اور فوکو شیما کے واقعات سے زیادہ خطرناک نتائج پر منتج ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایسے کسی بھی حادثے کے نتائج پورے یوکرین، دونیسک اورلوہانسک کے علاوہ روس، بیلاروس، مولداویہ، بلغاریہ اور رومانیہ کو بھی تابکاری اثرات کی لپیٹ میں لے لیں گے۔
اقوام متحدہ
