تمام ادارے امن وامان کیلئے کرداراداکریں، ڈاکٹراخترملک
لودھراں (نمائندہ پاکستان)سابق صوبائی وزیر و رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر اختر ملک کی زیر صدارت یوم عاشور کے سیکورٹی انتظامات و دیگر انتظامی امور کے جائزہ کیلئے ایک اعلی سطحی اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی اور صوبائی کابینہ کی جانب سے صوبہ بھر کے اضلاع میں محرم الحرام کے سیکورٹی و دیگر انتظامات کی نگرانی(بقیہ نمبر2صفحہ6پر)
کے لیے وزرا، اراکین صوبائی اسمبلی، معاونین خصوصی برائے وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی طور پر ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ اجلاس میں یوم عاشور کے حوالے سے ضلع بھر میں اٹھائے جانے والے سیکورٹی، انتظامی و حفاظتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لودھراں رائے محمد یاسر بھٹی، رکن صوبائی اسمبلی عامر اقبال شاہ، بزرگ رہنما شیر محمد اعوان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ازوبا عظیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد فراز اعوان، اسسٹنٹ کمشنر لودھراں فرحان مجتبی، اسسٹنٹ کمشنر دنیاپور اعتراز انجم، اسسٹنٹ کمشنر کہروڑپکا اشرف صالح، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شوکت علی اعجاز، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر و انچارج ریسکیو 1122 ڈاکٹر سید ماجد احمد سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر و ایم پی اے ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام ادارے موثر اور فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یوم عاشور میں امن و امان، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ہمیں امن و امان، بھائی چارے، عفو و درگزر کا درس دیتا ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر رائے محمد یاسر بھٹی نے بتایا کہ محرم الحرام کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم قائم ہے اور ضلع بھر کے حساس کیٹگری کی مجالس اور جلوسوں کی کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے سرویلینس کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے روٹس پر 300 سے زائد سرویلینس کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رات کے اوقات میں منعقد ہونے والی حساس مجالس و جلوسوں میں نائٹ ویژن کیمروں اور روشنی کا بھی مناسب بندوبست کیا گیا ہے۔ اجلا س میں بتایا گیا کہ مرکزی جلوسوں کی مکمل سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سیکورٹی کوریج کو یقینی بنایا گیا ہے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر رائے محمد یاسر بھٹی نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر صفائی ستھرائی کے فول پروف انتظامات کیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس سے ناجائز تجاوزات کا خاتمہ بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اندرون شہر جلسوں کے روٹس اور مجالس کی صفائی ستھرائی، مناسب روشنی کا بندوبست سمیت دیگر انتظامی امور پر کٹری نظر رکھی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے تبنیہ کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی امور میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالروف بابر نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر ضلع بھر میں منعقد ہونے والے جلوسوں کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں سیکورٹی صورتحال کی کڑی نگرانی کے لیے خصوصی طور پر مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یوم عاشور کے جلوسوں کی سی سی ٹیوی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے روز امن و امان کے قیام کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ آخر میں سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا۔
