بہاولپور سے 8سپیڈو بسیں لاہور واپس،شہریوں کا احتجاج
بہاولپور (ڈسٹرکٹ بیورو)مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کے خاتمہ کے بعد بہاولپورسے سپیڈو بسوں کی پھر منتقلی شروع ہوگئی 8سپیڈو بسیں لاہور منتقل کردی گئیں۔ پنجاب میں حمزہ شہباز کی حکومت نے آتے ہی بزدار حکومت کے بہاولپورسے سپیڈو بسوں (بقیہ نمبر3صفحہ6پر)
کی ڈیرہ غازیخاں منتقلی کو کالعدم قرار دے دیا اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے فوری طور پر سپیڈو بسوں کی واپس بہاولپورمنتقلی کے احکامات جاری کئے جس پر 12سپیڈو بسیں بہاولپور کو واپس مل گئیں۔ حمزہ شہباز نے بہاولپورکے عوام کے مطالبہ پر مزید 8سپیڈو بسیں بھی بہاولپور بھجوا دیں جس کے باعث عوام کو سستی ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آ گئی۔ حمزہ شہباز کی حکومت ختم ہوتے ہی نئے وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے 8سپیڈو بسوں کو لاہور منتقل کرنے کا حکم دیا جس پر یہ بسیں واپس لاہور بھجوا دی گئی ہیں جبکہ سپیڈو بس کی ڈیرہ غازیخاں منتقلی پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔شہریوں نے اس پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی بہاولپورسے سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھ رہے ہیں۔انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر وزیر اعلیٰ کے ان احکامات کا نوٹس لیں اور گورنر کو وزیر اعلیٰ کے احکامات منسوخ کرنے کی ہدایت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام سے سہولیات چھیننا پی ٹی آئی حکومت نے وطیرہ بنا لیا ہے۔ اس حوالہ سے جب مقامی انتظامیہ سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ سپیڈو بسوں کیلئے فیول اور ملازمین فراہم نہیں کئے گئے تھے جس کے باعث ان کا چلانا مشکل تھا اسی لئے انہیں واپس منگوا لیا گیا ہے۔
