واقعہ کربلا ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا سبق دیتا ہے: بلاول بھٹو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کربلا کا الم ناک واقعہ ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور عظیم مقاصد کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہ کرنے کا درس دیتا ہے۔ نواسہ رسول حضرت امام حسین کی قربانی ہمیں یہ بھی سبق دیتی ہے کہ جو قومیں اور معاشرے حق پر ڈٹ کر کھڑے ہوتے ہیں، باطل ان کے سامنے ٹھہر بھی نہیں سکتا۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جاری اپنے ایک پیغام میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیدنا امام حسین علیہ السلام اور ان کے 72 جانثاروں و رفقا کی قربانی رہتی دنیا تک انسانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اہل بیت کی پیاس اور سرزمینِ کربلا کے کمسن شہدا کا دکھ رہتی دنیا تک کے لئے ایک ایسا المیہ ہے کہ جس کے غم کی آج بھی وہی شدت ہے کہ جو پہلے دن تھی، کربلا میں خانوادہ رسول کی بے بسی اور ایسے میں حق کا علم بلند کرنا ایک ایسا جرات مندانہ عمل ہے جو پوری انسانیت کو باطل کے خلاف جدوجہد کے لئے جوڑتا ہے، دریائے فرات کی نہر علقمہ کے کنارے ایک ایسی داستان رقم ہوئی جس نے دنیا میں حق کے خاطر اٹھ کھڑے ہونے والوں کو حریت کا درس دیا اور یہ بتایا کہ سچ کے لئے لڑنے والے اپنا سر تو کٹاسکتے ہیں مگر اسے جھکا نہیں سکتے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امام عالی مقام نے جھوٹ، تشدد اور مطلق العنانی کے خلاف ڈٹ کر دینِ اسلام کے اصل پیغام کو بقا اور حیاتِ جاوداں عطا کی۔انہوں نے زور دیا کہ آج وطنِ عزیز میں حق اور باطل کے درمیان کشمکش فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، اس وقت ہمیں سید الشہدا کے پیغام کو عام کرنے اور ان کی حق گوئی سے رہنمائی لینے کی ضرورت ہے۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ محرم الحرا م کے موقع پر ملک میں رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی احترام کی فضا کو فروغ دے کر یکجہتی اور قومی اتحاد کا مظاہرہ کریں۔
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دولت مشترکہ کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارک باد پیش کی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کہا گیا کہ کامن ویلتھ گیمز میں نیزہ پھینکنے کے مقابلوں میں ارشد ندیم کا ریکارڈ پورے پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے، انجری کے باوجود سونے کا تمغہ جیت کر ارشد ندیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا بے مثال مظاہرہ کیا، نصف صدی سے زائد عرصے بعد دولت مشترکہ کھیلوں میں پاکستان کو گولڈ میڈل ملنا ایک بڑی کامیابی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ارشد ندیم اور نوح دستگیر جیسے جوان پاکستان کے ہیرو ہیں۔سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی ارشد ندیم کو کامن ویلیتھ گیمز جیتنے پر مبارکباد پیش کی، کہا ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر ملک اور عوام کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے ایسے نوجوانوں پر قوم کو فخر ہے، آصف علی زرداری نے ارشد ندیم کے لیے مزید کامیابیوں کی دعا بھی کی۔
