پاکستانی جیولن تھرو ایتھلیٹ، ارشد ندیم کی شاندار پرفارمنس لیکن اس دوران وزیراعظم شہبازشریف کیا کرتے رہے؟ ویڈیو سامنےآگئی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے92.97 میٹر کی تھرو کرکے نیا اولمپک ریکا رڈ بناتے ہوئے پاکستان کو گولڈ میڈل جتوادیا، ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں پرفارمنس کو وزیراعظم شہبازشریف نے براہ راست دیکھااور جیت پر مکا لہرایا۔
تفصیلات کے مطابق دفاعی چیمپئن بھارتی نیرج چوپڑا 89.45 میٹر کی تھرو کیساتھ دوسرے نمبر پر رہے، انہوں نے اپنی پانچ تھروز ضائع کردیں۔پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں پوری قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں جو پاکستان کو 32 سال بعد اولمپک میں کوئی میڈل دلانے کی واحد امید تھے۔فائنل مقابلے کے دوران ارشد ندیم اپنی پہلی باری میں تھرو نہ کرسکے لیکن دوسری باری میں انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کی جو اولمپکس کی تاریخ کی اب تک سب سے بڑی تھرو ہے۔تیسری باری میں ارشد ندیم نے 88.72 میٹر، چوتھی باری میں 79.40 میٹر، پانچویں باری میں 84.87 میٹر جبکہ چھٹی باری میں 91.79 میٹر تھرو کی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے رات گئے پاکستانی جیولن تھرو ایتھلیٹ، ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں پرفارمنس کو براہ راست دیکھا.وزیرِ اعظم نے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی اور جیولن تھرو میں نیا اولمپکس ریکارڈ قائم کرنے پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور تین دہائیوں بعد اولمپکس مقابلوں میں تمغہ جیتنے پر پوری قوم کو مبارکباد دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ اللہ کے فضل و کرم سے جو فصل بطور خادمَ اعلی پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ذریعے بوئی، اسکے شاندار ثمرات دنیا بھر میں پاکستان کا نام بلند کر رہے ہیں، میرے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ ارشد ندیم جیسے باصلاحیت نوجوان کو دریافت کرنے کیلئے اللہ رب العزت نے مجھ ناچیز کو وسیلہ بنایا.
بعدازاں دریں اثناء پیرس اولمپکس میں پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم کی تاریخی کا میا بی پر صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف،عسکری قیادت اور دیگر رہنماؤں نے مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم آپ ڈھیروں مبارکباد کے مستحق ہیں۔ شاباش ارشد ندیم،آپ نے قوم کا سرفخر سے بلند کردیا، اولمپک میں تاریخ رقم کرکے آپ نے ثابت کیا ارادے مضبوط ہوں تو ناممکن ممکن بن جاتاہے،قوم کے بیٹے اولمپئین ارشدندیم پر والدین ہی نہیں ہم سب کو ناز ہے۔