ہمارے خاندان کا ستون چلا گیا : منڈیلا خاندان کا بیان

ہمارے خاندان کا ستون چلا گیا : منڈیلا خاندان کا بیان

  



 جوہانسبرگ (این این آئی)جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کے خاندان نے ان کے انتقال کے بعد پہلی بار ایک بیان جاری کرتے ہوئے گذشتہ دو روز اور آنے والے ہفتے کی مشکلات کا ذکر کیا ۔نیلسن منڈیلا کے خاندان کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل تھیمبا نے کہا کہ ہمارے خاندان کا ستون چلا گیا تاہم وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں ہمارے ساتھ رہیں گے۔انھوں نے نیلسن منڈیلا کا موازنہ ایک ایسے درخت سے کیا جو ان کے خاندان کو سایہ اور تحفظ فراہم کرتا تھا۔نیلسن منڈیلا کے خاندان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں ترجمان نے کہا کہ گذشتہ دو روز ہمارے خاندان کے لیے آسان نہیں تھے اور آنے والا ہفتہ بھی مشکل ہو گا تاہم جنوبی افریقہ اور پوری دنیا سے ملنے والی ہمدردی سے ہمارے خاندان کو حوصلہ ملا ہے۔ادھر جنوبی افریقہ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ اتوار کو تدفین سے قبل نیلسن منڈیلا کے جسدِ خاکی کا جلوس بدھ، جمعرات اور جمعے کو دارالحکومت پریٹوریا کی سڑکوں پر گشت کرے گا۔حکام نے عوام سے کہا کہ وہ اپنے عظیم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کےلئے جلوس کے راستے کے دونوں جانب جمع ہوں۔ منڈیلا نے جنوبی افریقہ میں نسل پرستی کے خلاف جدوجہد کی اور اس کے لیے انہوں نے 27 سال جیل میں گزارے تھے۔سنہ 1990 میں رہائی کے بعد وہ ملک کے پہلے سیاہ فام صدر بنے۔وہ طویل عرصے سے پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے اور اسی عارضے میں جمعرات کی رات 95 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

مزید : عالمی منظر


loading...