پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاری کےلئے حکومتی کاوشیں ثمرآور ہونا شروع

پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاری کےلئے حکومتی کاوشیں ثمرآور ہونا شروع

  



لاہور (اے پی پی)صو بہ پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے سلسلے میں حکومت پنجاب کی کاوشیں ثمرآور ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے غیرملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے انتہائی سازگار ماحول فراہم کرنے کی پیش کش کے بعد ترکی‘ چین اور ایران کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں اپنا سرمایہ لگانے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ پاک چین دوستی اور موجودہ حکومت کی چین کے ساتھ طویل المدت تعاون کی پالیسی کے پیش نظر بہت سے دوسرے شعبوں کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل کے شعبے میں بھی چینی سرمایہ کاروں کے لئے دروازے کھول دیئے ہیں۔ چین کے سرمایہ کار ادارے شین ڈونگ روژی ٹیکنالوجی گروپ کمپنی لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں مسعود ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کے52 فیصد کنٹرولنگ شیئر خریدے گی۔ مسعود ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ دھاگہ برآمد کرنے کے حوالے سے پاکستان کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور پاک چائنہ بیورو نے ان دونوں کمپنیوں کے مابین شیئرز کی خرید وفروخت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا ہے۔ پنجاب حکومت کے ان دو اداروں کے کردار کی وجہ سے دیگر غیرملکی کمپنیوں کے لئے ٹیکسٹائل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے نئی راہیں کھلیں گی۔ چین کی کئی ٹیکسٹائل کمپنیوں نے حالیہ دنوں میں چائنہ ٹیکسٹائل اینڈ اپیرل کونسل کے زیرسایہ پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ اسی طرح پاکستان سے بھی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے ایک نمائندہ وفد نے اکتوبر 2013ءمیں چین کا دورہ کیا تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

مزید : کامرس