ڈسٹری بیوٹرز نے ایل پی جی کی قیمتیں ازخود بڑھادیں

ڈسٹری بیوٹرز نے ایل پی جی کی قیمتیں ازخود بڑھادیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(آن لائن) وفاقی حکومت کی ہدایت پر مقامی پروڈیوسرز نے عالمی قیمتوں میں اضافے کے باوجود رواں ماہ کے لیے بھی ایل پی جی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیاتاہم یکم دسمبر کو ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز نے خود ساختہ طور پر ایل پی جی کی قیمتیں46 روپے فی کلوگرام بڑھادیں اور یکم سے 3 دسمبر یعنی صرف 3روز میں 16 کروڑ50 لاکھ روپے کا غیرقانونی منافع کما لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مقامی طور پر پیدا ہونے والی ایل پی جی کی فی ٹن قیمت بدستور1لاکھ3 ہزار527 روپے پر مستحکم ہے لیکن مخصوص درآمدکنندگان کے مفادات کے تحفظ کے لیے ایل پی جی کی مقامی قیمتیں خودساختہ طور پر بڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں فی الوقت 7000 ٹن سے زائد امپورٹڈ ایل پی جی کے غیرفروخت شدہ ذخائر موجود ہیں جو امپورٹرز نے838 ڈالر فی ٹن کے حساب سے درآمد کیے ہیں لیکن اب ان ذخائر کومتعلقہ درآمدکنندگان مہنگے داموں فروخت کرکے ناجائز منافع خوری کی کوششیں کررہے ہیں۔ ایل پی جی انڈسٹری کے ترجمان اورایل پی جی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندے فصیح اقبال کے مطابق وزارت پٹرولیم کی ہدایت پر ایل پی جی پروڈیوسرز نے دسمبر میں بھی ایل پی جی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا .لیکن اس کے باوجود مفاد پرست عناصر نے خودساختہ طور پر29 نومبر2013 کو ایل پی جی کی فی کلوگرام قیمت میں 46 روپے کے اضافے کا اعلان کردیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں سردی شروع ہونے کے باوجود ایل پی جی کی یومیہ کھپت کا حجم1200 ٹن تک محدود ہے ۔

مزید :

کامرس -