کامیاب بلدیاتی انتخابات پر چیف سیکریٹری بلوچستان کو مبارکباد، بلوچ پرامن لوگ ہیں :سپریم کورٹ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے بلوچستان میں پرامن بلدیاتی انتخابات کرانے پر چیف سیکریٹری کو مبارکباد دی اور کہاکہ بلوچوں نے ثابت کردیاکہ وہ پرامن لوگ ہیں ، انتخابات کے نتائج مثبت نکلیں گے ۔ یہ ریمارکس سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کیس کی سماعت کے دوران دیئے ۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے روبرو چیف سیکریٹری بلوچستان نے بتایاکہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں مصروف رہے ہیں ، لاپتہ افراد کے معاملے پر کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوسکتی ، اب انتخابات کے بعد لاپتہ افراد کی بازیابی پہلی ترجیح ہوگی ۔ چیف جسٹس کاکہناتھاکہ جہاں نیت ٹھیک ہو، وہاں کام ہوجاتے ہیں ، کریڈٹ انتظامیہ اور پیراملٹری فورسز کو جاتاہے ۔ عدالت نے چیف سیکریٹری بلوچستان کو پرامن انتخابات کرانے پر مبارکباد پیش کی اور جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج خوش آئند نکلیں گے ، بلوچوں نے ثابت کردیاکہ وہ پرامن لوگ ہیں ۔