سندھ کابینہ کا بلدیاتی انتخابات مارچ میں کرانے کا فیصلہ، کل الیکشن کمیشن کو خط لکھیں گے: شرجیل میمن
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات مارچ میں کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس ضمن میں الیکشن کمیشن کو کل خط لکھا جائے گا۔ سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کے زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق مشاورت کی گئی۔ کابینہ نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات مارچ میں کرانے کی منظوری کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمتوں پر پابندی ختم کرنے کی منظوری بھی دی۔ سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں جلد بازی نہیں چاہتے اس لئے بلدیاتی انتخابات مارچ میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے، سندھ حکومت اس ضمن میں کل الیکشن کمیشن سے رجوع کرے گی۔