وفاقی حکومت نے نئے خیبرپختونخوا کی بنیاد رکھ دی

وفاقی حکومت نے نئے خیبرپختونخوا کی بنیاد رکھ دی
وفاقی حکومت نے نئے خیبرپختونخوا کی بنیاد رکھ دی

  



وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے عمران خان کے طویل دھرنے کا جواب خیبرپختونخوا میں ہزارہ موٹروے ایکسپریس کا افتتاح کر کے دے دیا ہے اور اس موقع پر ایک بڑا جلسہ عام ،جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی منعقد کر کے عمران خان کی اس تقریر کا جواب دیا، جس میں انہوں نے محمد نواز شریف کو چیلنج کیا تھا کہ وہ پختونخوا میں دس ہزار لوگوں کو اکٹھا کر کے دکھائیں، لہٰذا مسلم لیگ(ن)نے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے حویلیاں میں محمد نواز شریف کے لئے ایک بڑے جلسے کا بندوبست کر کے اس چیلنج کا جواب دیا، جس سے نہ صرف محمد نواز شریف خوش نظر آئے، بلکہ حویلیاں کے جلسے سے مسلم لیگ (ن) کی خیبرپختونخوا کی سیاست میں واپسی ہوئی ہے ۔ہزارہ موٹروے کے افتتاح سے ملک میں مواصلات کا انقلاب آئے گا اور ہزارہ ڈویژن میں ترقی اور خوشحالی کے سفر کا آغاز ہو گا ۔گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان اس موقع پر وزیراعظم کے نہ صرف ہمراہ تھے ،بلکہ سرگرم بھی دکھائی دے رہے تھے اور وزیراعظم کی جانب سے ان کی خیبرپختونخوا میں تعیناتی نے رنگ دکھانا شروع کر دیا ہے اگر وہ مسلم لیگ (ن) کے پرانے رہنماؤں کو ان کا اصل مقام دلوانے میں کامیاب ہو گئے تو مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر صوبے میں بڑی قوت کے طور پر سامنے آ سکتی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی اور اے این پی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور مسلم لیگ ہی یہ خلا پر کر سکتی ہے کیونکہ مسلم لیگ کے مرکزی رہنماؤں کی جلاوطنی اور صوبے کو مکمل توجہ نہ دینے کی وجہ سے تحریک انصاف نے یہ خلا پر کیا، تاہم اب گورنر خیبرپختونخوا نے مسلم لیگ (ن) کو ایک بار پھر فعال کرنے کے لئے منظم کرنا شروع کر دیا ہے ۔ہزارہ موٹروے میں گورنر کا کردار انتہائی اہم ہے جبکہ گورنر کی جانب سے ہزارہ ڈویژن میں زلزلے میں تباہ ہونے والے ایک ہزار سکولوں کی دوبارہ تعمیر پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہدایات جاری کر دیں جو گورنر خیبرپختونخوا کی اس علاقے کے لئے بہت بڑی خدمت ہے ۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہزارہ موٹروے کا افتتاح کیا جو اٹھارہ مہینے میں مکمل ہو گا اوراس پر 33ارب روپے کی لاگت آئے گی ۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی تقریر میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجھے ہزارہ موٹر وے اور حویلیاں یونیورسٹی کی منظوری کے لئے بہت تنگ کرتے تھے اور انہیں اپنا چھوٹا بھائی کہتے ہوئے کہا کہ ان کے والد مرحوم جاوید عباسی میرے بہت اچھے دوست تھے اور مرتضیٰ جاوید اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں ۔حویلیاں کے جلسے کو کامیاب بنانے کا کریڈٹ مرتضیٰ جاوید عباسی کو جاتا ہے ،جنہوں نے دن رات ایک کر کے جلسے کو کامیاب بنایا اور ہزارہ کے مسلم لیگ(ن)کے قائدین نے بھی یکجہتی کا اظہار کیا ۔صاحبزادہ پیر صابر شاہ نے بھی اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ تبدیلی ناچ گانے سے نہیں آتی ۔ملک میں صنعتی انقلاب کا آغاز محمد نواز شریف نے کر دیا ہے اور ملک بھر میں موٹرویز کا جال بچھایا جائے گا ۔ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز ہو گا ۔قوم نے دھرنا سیاست کو مسترد کر دیا ہے ۔صاحبزادہ پیر صابر شاہ کی ہدایت پر صوبے کے تمام ضلعی عہدیداران اور کارکنوں نے جلسے میں شرکت کی ۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہزارہ موٹر وے کو خوشحالی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے نئے خیبرپختونخوا کی بنیاد رکھ دی ہے ۔دھرنے والے ہمیں بھی دکھائیں کہ جس نئے پاکستان کی وہ بات کرتے ہیں۔ وہ جنت کہاں ہے ۔خدا کا خوف کریں ۔تمیز،تہذیب اور اخلاق سے سیاست کریں۔دھرنے والے بچوں کو جو زبان سکھا رہے ہیں کیا نئے پاکستان میں بچے یہ زبان سیکھیں گے ۔والدین کو سوچنا چاہیے ۔جھوٹ بولنا لوگوں نے اپنا شیوہ بنا لیا ہے ۔بد تمیزی کا ہم جواب بھی نہیں دیتے۔ وقت آئے گا۔ پاکستان ایشین ٹائیگر بنے گا ۔دھرنوں میں جو زبان بولی جاتی ہے کوئی غیرت مند برداشت نہیں کر سکتا۔ دھرنوں سے کچھ ہونے والا نہیں ۔ملک بھر میں موٹرویز اور سڑکوں کا جال بچھائیں گے ۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ چین کی مدد سے بجلی کی قلت ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے ۔ہم نئے پاکستان کی جھلک خیبرپختونخوا میں دیکھناچاہتے ہیں۔ مسلم لیگ(ن)کی حکومت خیبرپختونخوا میں ترقی اور خوشحالی لائے گی۔محمد نواز شریف نے کہا کہ آج اپنے وعدے کی تکمیل کے لئے یہاں آیا ہوں ۔یہ موٹروے حویلیاں کو برہان سے ملائے گی اس کے بعد یہی موٹروے ایبٹ آباد،مانسہرہ اور بٹ گرام جائے گی ۔ڈرائی پورٹ گلگت بلتستان بھی جائے گی، حویلیاں سے مارگلہ کی پہاڑیوں سے سرنگوں کے ذریعے اسلام آباد شہر تک جائے گی ۔33ارب روپے اس موٹروے پر خرچ ہونگے ۔اگر 133ارب بھی خرچ ہوں تو عوام پر نچھاور کریں گے۔دھرنے والو آؤ دیکھو، جس صوبے میں آپ کی حکومت ہے وہ وفاقی حکومت کے تعاون سے نیا روشن خیبرپختونخوا بن رہا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ہزارہ میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔ جب گیس کی کمی پوری ہو گی تو سب سے پہلے گیس حویلیاں کو دی جائے گی۔ یہاں موٹروے اور یونیورسٹی بن رہے ہیں مجھے خدشہ ہے کہ کہیں اس پر بھی دھرنا نہ شروع ہو جائے ۔خیبرپختونخوا حکومت کے ہوتے ہوئے پتہ نہیں سڑکیں، پل، سکول، کالج ،یونیورسٹی بنے گی یا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت کے پی کے میں ترقی کروائے گی۔ حویلیاں موٹروے اسلام آباد اور پھر لاہور تک جائے گی۔ لاہور سے کراچی موٹروے کا دسمبر میں سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ملک بہتری کی طرف جا رہا ہے۔ دن رات محنت کر کے چین کے ساتھ 40ارب ڈالر کے منصوبوں پر دستخط کئے ۔اگلے سال پشاورتا طورخم موٹروے منصوبے کا آغاز بھی کریں گے ۔

مزید : کالم


loading...