موجودہ سیاسی صورتحال سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا ہے: ایس ایم نصیر
لاہور(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چےئرمین ایس ایم نصیر نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کسی بھی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، موجودہ سیاسی صورتحال سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پٹرولیم قیمتوں میں کمی کی منظوری دیکر عوام دوست فیصلہ کیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے ، اس وقت عوام ملک میں سیاسی انتشار اور دھرنوں سے تنگ آ چکے ہیں اس موقع پر عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ مثبت پیش رفت ہے ۔ایس ایم نصیر نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل معاشی حالات سے دو چار ہے،مزدور اور کسانوں کیلئے حالات پہلے ہی بہت مشکل ہیں ،اس وقت ملک کو انتشار اور دھرنوں کی نہیں بلکہ اتحاد ویکجہتی کی اشدفرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت کا فروغ اور تجارت دوست ماحول کی ترویج ہی ملک کو ترقی کی طرف لے کر جا سکتی ہے ،وطن عزیز کی ترقی کیلئے سنجیدہ اور نتیجہ خیز کاوشیں کرنا ہو نگی اورمعاشی ترقی ہی اولین ایجنڈا ہونا چاہئے۔ریجنل چےئرمین نے کہا کہ انا اور ضد چھوڑ کر مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کئے جائے کیونکہ ملک مزید نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے اور ہم دھرنوں اور فساد برپا کرکے عالمی دنیا کو پاکستان کا خراب امیج فراہم کر ر ہئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی تصادم کی وجہ سے معاشی بحران پیدا ہو رہا ہے لہذا بہتر ہے کہ اس کو ایشو کو بطریق احسن حل کیا جائے،دونوں طرف سے مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہئے اور آئین کے اندر رہتے ہوئے اس سیاسی تصادم کو ختم ہونا چاہئے