راولپنڈی چیمبر کے وفد کاآر پی او آفس کا دورہ

راولپنڈی چیمبر کے وفد کاآر پی او آفس کا دورہ

  



راولپنڈی ( کامرس ڈیسک) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر سید اسد مشہدی کی سربراہی میں ریجنل پولیس آفیسر کے دفتر کا دورہ کیا اور آر پی او اختر عمر حیات لالیکا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں چیمبر کے سابق صدر سہیل الطاف اور دوسرے بھی شریک تھے۔راولپنڈی چیمبر کے صدر سید اسد مشہدی نے آرپی او راولپنڈی کو شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال سے کاروباری برادری کی تشویش سے آگاہ کیا۔ چیمبر کے صدر نے آر پی او کو بتایا کہ شہر میں تاجروں کو آئے دِن بھتہ کی پرچیاں ملتی ہیں جس کی وجہ سے تاجروں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ سید اسد مشہدی نے آر پی او راولپنڈی سے تاجروں کے جان و مال کے تحفط کیلئے فوری طور پر اقدامات کرنے کا کہا تا کہ شہر کی تاجر برادری بلا خوف اپنی تجارتی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکے۔آر پی او راولپنڈی اختر عمر حیات لالیکا نے صدر چیمبر کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ شہر میں امن کا قیام اُن کی اولین ترجیح ہے۔ بھتہ کا مسئلہ ایک سنگین مسلہ ہے جس کے خاتمے کیلئے کام ہو رہا ہے اور جلد ہی اس مسئلے پر قابو پا لیا جائے گا۔ آر پی او اختر عمر حیات لالیکا نے صدر چیمبر کے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری کی جان و مال کا تحفظ بھی اتنا ہی اہم ہے تا کہ تاجر برادری شہر میں بلا خوف اپنی تجارتی سرگرمیوں کو آزادانہ طور پر جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی راولپنڈی میں CPLCکا ایک دفتر قائم کیا جائے گا۔ یہ ایک خود مختار ادارہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور پولیس کے درمیان تعاون کی یہ مشترکہ کمیٹی وجود میں آنے کے بعد اس بات کی امید ہے کہ شہریوں کے تعاون سے شہر میں جرائم کا خاتمہ کیا جا سکے گا۔

مزید : کامرس


loading...