دھرنوں کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے فوائدعوام کو منتقل نہیں ہورہے: ایس ایم منیر

دھرنوں کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے فوائدعوام کو منتقل نہیں ہورہے: ...

  



کراچی(اکنامک رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈانڈسٹری کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر،کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدرمیاں زاہد حسین اور کاٹی کے صدر راشد احمد صدیقی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے اقدامات کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات اور پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے معاشی ترقی اور عوام پر مثبت اثرات میں سب سے بڑی رکاوٹ سیاسی گرما گرمی ہے ،تحریک انصاف کی جانب سے جاری دھرنوں کے باعث عوام اور تاجربرادری تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے فوائد منتقل نہیں ہورہے ہیں۔ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجوں او رمسائل کے باوجود موجودہ حکومت معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے لیے سرگرم ہے ، عوام اورصنعتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھرپوراقدامات بھی کیے جارہے ہیں لیکن سیاسی گرما گرمی نے موجودہ فوائد کو زائل کردیا ہے۔

 اور ملکی تاجربرادری پاکستان کی موجودہ حالات کے باعث تشویش میں مبتلا ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاجروصنعتکاربرادری کاروباری سرگرمیوں کوفروغ دینا چاہتی ہیں اگر کاروبار بند ہوگا اور شٹر ڈاون ہڑتالیں کی جائینگی تو عوام اور معیشت کو کس طرح سنبھالا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملک وقوم کے بہترمفاد کی خاطر دھرنوں،ہڑتالوں اور کاروبار کوبند کرنے کی بجائے ملکی تعمیر وترقی کے لیے اپنا کرداراداکرے ۔کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کومدنظررکھتے ہوئے دومرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زبردست کمی کردی ہے جس سے پیداواری لاگت میں کمی رونما ہوئی ہے اسکے باوجود تاجربرادری تحریک انصاف کی جانب سے جاری موجودہ صورتحال پرشدید مشکلات سے دوچار ہے ۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کے مانچسٹر کا درجہ رکھتا ہے اور ٹیکسٹائل انڈسٹری جوکہ ملکی ریڑھ کی ہڈی رکھنے کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کا بہت بڑا حصہ ہے لہذا تحریک انصاف فوری طورپر دھرنے اور کاروبار بند کرنے کی پالیسی کو ترک کرتے ہوئے برآمدی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا نہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ اگر فیصل آباد سے بیرونی ممالک میںکی جانے والی برآمدات رک گئیں تو اسکا نقصان پوری قوم اور ملکی معیشت کو ہوگا لہذا تحریک انصاف اپنی جیت اور حکومت کو شکست دینے کی پالیسی کوتبدیل کرتے ہوئے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے اقدامات کرے ۔کاٹی کے صدر راشد احمد صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے ایکبارپھرپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے معاشی ترقی کی راہ ہموارکردی ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی کے لیے بہترین اقدامات کیے جارہے ہیں لیکن سیاسی عدم استحکام سے مقامی اوربیرونی سرمایہ کاروں میں بے چینی کی فضاءقائم ہوچکی ہے لہذا تحریک انصاف پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے مثبت اثرات عوام اورصنعتوں تک منتقل کرنے کے لیے مذاکراتی پہلو کو اپنائے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے سے بڑے فیصلے سڑکوں،ہڑتالوں ،دھرنوں کی بجائے بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں لہذا حکومت اور تحریک انصاف عوام کے بہترمفاد کی خاطر لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کرکے سیاسی استحکام پیدا کریں۔

مزید : کامرس