کسان دوست حکومتی پالیسیوں کی بدولت پیداوار میں اضافہ ہوا؛ڈاکٹر فرخ جاوید

کسان دوست حکومتی پالیسیوں کی بدولت پیداوار میں اضافہ ہوا؛ڈاکٹر فرخ جاوید ...

  



             لاہور (کامرس رپورٹر) موجودہ دور حکومت میں کسانوں کو ریکارڈ سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔کسانوں کی محنت اور حکومتی پالیسیوں کا ثمر ہے کہ زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کسان دوست حکومت ہے اور کاشتکاروں کے تحفظ اور انکی فلاح کیلئے پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے گنے کے نرخ کم نہ کرنے کا اعلان کر چکے ہیں جس پر سختی سے عمل درآمد کروایا جارہا ہے۔ شوگر مل مالکان کو کسانوں کا استحصال کسی صورت نہیں کرنے دیں گے۔ گنے کی خرید ہر صورت حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر یقینی بنائے جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے یہاں کاشتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو میں کیا۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ وہ کسانوں کی محنت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں تمام پالیسیاں کسانوں سے مشاورت کے بعد مرتب کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے کسانوں سے انکے کھیتوں میں ملاقات کرنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔

اور انکے مسائل جانتے ہیں۔ انہوں نے بتایا وہ حکومتی ایوانوں میں میں کسانوں کی نمائندگی کرتے ہیں اور موجودہ حکومت کی تمام پالیسیاں کسان دوست ہیں۔ ڈاکٹر فرخ جاویدنے کاشتکاروں کو ان حکومتی اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا جو حال ہی میں کسانوں کی فلاح کیلئے اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں کو ریلیف دینے کے لئے 10 روپے35 پیسے کے فلیٹ ریٹ پر بجلی فراہم کی جا رہی ہے جس کیلئے حکومت 22 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے جو ملکی تاریخ میں ایک نادر مثال ہے۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیلاب زدہ اضلاع کے کاشتکاروں کو زرتلافی کے طور پر 10ہزار روپے فی ایکڑ امدادی رقم فراہم کی جا چکی ہے۔

 صوبائی وزیرزراعت نے کہا کہ صوبہ بھر کے باسمتی چاول کے کاشتکاروں کو5ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی دینے کے لئے 10ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ حکومت نے کسانوں کی سہولت کے لئے گندم کے بیج کے بیگ کی قیمت100روپے کم کر دی ہے جس سے کسانوں کو بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں بھرپور مانیٹرنگ کی جار ہی ہے اور ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

مزید : کامرس