پاکستان عسکریت پسندوں کو دراندازی میں پورا تعاون دے رہا ہے

پاکستان عسکریت پسندوں کو دراندازی میں پورا تعاون دے رہا ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سری نگر(کے پی آئی)سری نگر میں تعینات بھارتی فوج کی 15ویں کور کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل سبھروتا سہا نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان عسکریت پسندوں کو دراندازی میں پورا تعاون دے رہا ہے۔ مہورہ فوجی کیمپ پر حملے میں ملوث جنگجو اعلی تربیت یافتہ تھے ۔ انہوں نے وزیر اعظم کی آمد اور اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیکورٹی سخت کئے جانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ 8دسمبر کو سرینگر میں فضائیہ کے ہیلی کاپٹر گشت کرتے نظر آئیں گے ۔ وزیر اعظم کی آمد سے ایک روز قبل فوج کی 15ویں کور کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل سبھروتا سہا نے الزام لگایا کہ پاکستان جنگجووں کو دراندازی میں پورا تعاون دے رہا ہے۔
جنرل سہا نے بادامی باغ فوجی کنٹونمنٹ میں کور کمانڈروں کی ایک غیر معمولی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ کشمیر وادی میں حالیہ جنگجویانہ واقعات میں پاکستان ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ دیکھا کہ پاکستان کی طرف سے جنگجووں کو ریاست میں داخل ہونے یا دراندازی میں پورا تعاون دیا جاتا ہے ۔ جنرل سہا نے دعوی کیا کہ مہورہ اوڑی میں فوجی کیمپ پر ہوئے فدائین حملے کے تار پاکستان سے جڑے ہیں کیونکہ وہیں سے جنگجو لائن آف کنٹرول کراس کر ے یہاں پہنچے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مارے گئے جنگجووں کی تحویل سے جو کھانے پینے کا سامنا ملا وہ سب پاکستان میں تیار کردہ تھا ، جس سے ایک ثابت ہوتا ہے کہ فوجی کیمپ پر حملہ کرنے والے سرحد پار سے ہی آئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ فوج نے دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے سخت سیکورٹی بندوبست کیا ہے اور اسی وجہ سے اکثر ایسی کوششوں کو سرحد کے نزدیک ہی ناکام بنا دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور نیم فوجی دستے دراندازی کے ساتھ ساتھ جنگجو مخالف کارروائیوں میں بھی پوری طرح سے الرٹ ہیں ۔ 15ویں کور کے سربراہ جنرل سبھروتا سہا نے وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے حوالے سے بتایا کہ اس سلسلے میں تمام سیکورٹی ایجنسیوں نے باہمی تال میل سے فول پروف سیکورٹی بندوبست کیا ہے ۔ جنرل سہا نے کہا کہ فوج اورنیم فوجی دستے کسی کو وادی میں امن اور جمہوری عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں وزیراعظم کی آمد کے پیش نظرزمینی سطح پر غیرمعمولی سیکورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ فضائیہ کے ہیلی کاپٹر بھی گشت کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ اسٹیڈیم میں الیکشن یلی اور وزیر اعظم کی یہاں موجودگی کے پیش نظر تمام ضروری سیکورٹی اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اوڑی میں فوجی کیمپ پر فدائین حملہ کرنے والے جنگجو کمانڈوز کی طرح تربیت یافتہ تھے اور انہیں خصوصی ٹریننگ دی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مارے گئے جنگجووں کے پاس جدید اور مہلک ہتھیار تھے اور ان کے لڑنے سے صاف ظاہر ہورہا تھا کہ وہ تربیت یافتہ تھے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ فوجی کیمپ پر حملہ کرنے والے جنگجووں نے دریائے جہلم کو اس وجہ سے عبور کیا کیونکہ جہلم میں پانی کی سطح کم ہے ۔ جنرل سہا نے اسمبلی انتخابات یا وزیر اعظم کی آمد کا حوالہ دئیے بغیر بتایا کہ جمہوری عمل میں رخنہ ڈالنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی ۔

مزید :

عالمی منظر -