کبڈی ورلڈ کپ ،پاکستان مینز اور ویمنز ٹیمیں آج پہلا میچ کھیلیں گی
لاہور( سپورٹس رپورٹر)بھارت میں ہونیوالے 5 ویں کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں اپنا پہلا میچ آج کھیلیں گی۔ میچز بھارت کے شہر روپ نگر کے نہرو سٹیڈیم میںکھیلے جائیں گے، مردوں کی ٹیم کا میچ ڈنمارک سے جبکہ خواتین کا میکسیکو سے پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے شروع ہونگے۔ مردوں کی ٹیم کی قیادت شفیق چشتی جبکہ خواتین کی ٹیم کی قیادت مدیحہ لطیف کررہی ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں کبڈی ورلڈ کپ کے پول بی میں ہیں۔سپورٹس بورڈ پنجاب کے ترجمان سے بھارت سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے مردوں کی ٹیم کے کپتان شفیق چشتی اور خواتین کی ٹیم کی کپتان مدیحہ لطیف نے کہا کہ ہماری ٹیموں کے حوصلے بلند ہیں، انشاءاللہ پورے ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھائیں گے، انہوں نے کہا کہ اب تک ورلڈ کپ میں ہونیوالے میچز دیکھے ہیں جس میں دیگر ممالک کی ٹیموں کی خامیوں پر نظر رکھی ہے جس کا فائدہ ہم اپنے میچز میں اٹھائیں گے، ہمارے کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کی ہے اور تمام کھلاڑی پوری طرح فٹ ہیں، ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کرکے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں گے اور اس کے لئے ہم متحد ہیں اس سے قبل بھی ورلڈ کپ میں ہم نے عمدہ پرفارمنس کامظاہرہ کیا تھا۔