داتا گنج بخشؒکے عرس پر خراب واک تھرو گیٹ نہ لگائے جائیں،شاہد حسین گردیزی

داتا گنج بخشؒکے عرس پر خراب واک تھرو گیٹ نہ لگائے جائیں،شاہد حسین گردیزی

  



لاہور (سٹاف رپورٹر) داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کا عرس مبارک حج کے بعد دنیا کا بڑا اجتماع ہوتاہے جس میں اندرون اور بیرونی ملک سے زائرین آتے ہیں ان خیالات کا اظہار حقوق اہلسنت محاذ کے مرکزی امیر پیر سید شاہد حسین گردیزی نے محاذ کے دفتر میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور محکمہ اوقاف کے افسران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے سال کی طرح عرس کے موقع پر سکیورٹی کے نام پر لگائے گئے خراب واک تھرو گیٹ کسی صورت نہ لگائے جائیں اس مرتبہ خراب واک تھرو گیٹ کسی بھی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ اگر خراب واک تھرو گیٹ لگائے گئے تو خدانخواستہ عرس کے موقع پر کسی بھی قسم کی حادثے کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی داتا گنج بخش ؒ کے عرس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں اور داتا گنج بخش ؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر اندرون اور بیرون ملک سے آنے والے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کےلئے بہترین انتظامات کئے جائیں عرس پر آنے والے زائرین کی سہولت اور رش سے بچنے کے لئے مزار کے تمام گیٹ کھولے جائیں۔ لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی بڑھا کر سکیورٹی کے انتظام میں بہتری لائی جائے کسی بھی قسم کے حادثہ سے بچنے کے لئے داتا دربار کے اردگرد گداگری کو مکمل طور پر ختم کیا جائے تاکہ زائرین پریشانی سے بچ سکیں۔ عرس کے موقع پر محکمہ اوقاف کے فرائض میں شامل ہے کہ ملنگوں کی اور ان کے ڈیروں کی بار بار تلاشی لی جائے۔ اجلاس میں صاحبزادہ سید مختار رضوی، مولانا پیر احمد شکیل قادری، علامہ مبارک رضوی، علامہ محمد حسین نقشبندی، مولانا علی احمد، مولانا سید اقبال حسین شاہ اور دیگر علماءنے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1