حکومتی کارکردگی کی ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، ’’انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے ‘‘کے موقع پر پیغام

حکومتی کارکردگی کی ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ کرپشن ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور بدعنوانی کی اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کوحکومت کے ساتھ مل جل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ حکومت پنجاب نے سرکاری سطح پر شفافیت ومیرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ’’انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے‘‘ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ماضی میں ہونے والی کرپشن کے ناسور نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کردی ہیں،بدعنوانی معاشرے میں سرایت کرجائے تو ادارے تباہ ہوجاتے ہیں تاہم پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں عالمی اداروں نے بھی کرپشن میں کمی کی سنددی ہے اورموجودہ حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ کرپشن کا ایک بھی سکینڈل اس کے دامن پر نہیں ۔

غیر جانبدار عالمی اداروں نے بھی کرپشن اور بدعنوانی میں کمی کیلئے کیے جانے والے موثر اقدامات کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے ہر سطح پرشفافیت اور میرٹ کو فروغ دیاہے اور حکومت کا دامن کرپشن کے داغ سے پاک ہے۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق دنیا بھر میں منایا جانے والا’’انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے‘‘ جہاں عوام میں کرپشن کے خلاف شعور بیدار کرنے کا باعث بنتا ہے وہاں حکومتوں اورانسداد بدعنوانی کے اداروں کو بھی کرپشن سے نبردآزما ہونے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ اورحکومتی کارکردگی کی ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنانا پاکستان مسلم لیگ(ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اوریہ موجودہ حکومت ہی کی مساعی کا نتیجہ ہے کہ شفافیت سے متعلق بین الاقوامی ادارے بھی اس کا اعتراف کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں اوربین الاقوامی منظر نامے میں کرپشن میں کمی کے حوالے سے پاکستان کامقام بہترہوا ہے ۔

مزید : علاقائی


loading...