مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کریں،لاہور چیمبر پروگریسو گروپ
لاہور(کامرس رپورٹر) فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں تصادم اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پروگریسو گروپ نے دونوں سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کو حل کریں۔ پروگریسو گروپ کے چئیرمین خالد عثمان اور محمد اعجاز تنویر نے کہا کہ اگر حکمران جماعت انتخابی دھاندلی میں ملوث نہیں تو اسے فوراً جوڈیشل کمیشن تشکیل دے کر مذاکرات کی راہ ہموار کرنی چاہیے۔ گزشتہ روز فیصل آباد اور ملک کے کئی دیگر شہروں میں دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں ہونے تصادم اور جان و مال کو پہنچنے والے نقصانات پر انہوں نے شدید افسوس کا اظہار کیا۔
پروگریسو گروپ کے رہنماو¿ں نے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے غیرملکی سرمایہ کار انویسٹمنٹ کے لئے خطے کے دیگر ممالک کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔
اعجاز تنویر نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے سیاسی استحکام از حد ضروری ہے، جس کو یقینی بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر سنجیدہ کوششیں کرنی چاہیں۔