حافظ آباد پسند کی شادی کرنیوالا جوڑا لڑکی کے رشتہ داروں کے ہاتھوں قتل

حافظ آباد پسند کی شادی کرنیوالا جوڑا لڑکی کے رشتہ داروں کے ہاتھوں قتل

  



 حافظ آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو لڑکی کے رشتہ داروں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ملزمان دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کے بعد ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔مقتولین نے14روز قبل فیصل آباد میں پسند کی شادی کی تھی۔جناح کالونی فیصل آبادکے رہائشی BCSکے طالب علم احمد علی نے ماڈل ٹاؤن فیصل آباد کی رہائشی FSCکی طالبہ ثمن رانی سے 24نومبرکو پسند کی شادی کی ۔شادی کے بعد احمد علی ،ثمن رانی کو لیکر اپنی پھوپھو کے گھر مدینہ کالونی حافظ آباد آگیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ثمن کے گھر والوں نے اُسکی شادی قریبی رشتہ دار ندیم مشتاق سے طے کی تھی لیکن اُس نے گھر سے فرار ہو کر احمد علی سے پسند کی شادی کر لی جس پر ثمن کے گھر والے خوش نہ تھے ۔احمد علی اپنی بیوی کے ہمراہ اپنی پھوپھو کے گھر موجود تھا جہاں ثمن کے والد نوید احمد،منگیتر ندیم مشتاق اور دو نامعلوم نے اندھا دھند فائرنگ کرکے اُنہیں موت کے گھاٹ اُتار دیا اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔پولیس تھانہ سٹی نے دونوں نعشیں قبضہ میں لیکر ضروری کاروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیں۔سٹی پولیس نے مقتولہ ثمن کے والد نوید احمد سابق منگیتر ندیم سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تاہم کوئی بھی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔

مزید : علاقائی