تحریک انصاف کے کارکنوں نے غنڈہ گردی کی انتہا کر دی ،زعیم قادری

تحریک انصاف کے کارکنوں نے غنڈہ گردی کی انتہا کر دی ،زعیم قادری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) رکن صوبائی اسمبلی سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے دھونس‘ دھاندلی اور غنڈہ گردی کی انتہا کر دی ہے۔رانا ثناءاللہ کے گھر پر پتھراﺅ قابل مذمت اور انتہائی افسوسناک ہے۔ لیگی کارکن پرامن رہیں اور اشتعال میں نہ آئیں۔ پرامن رہنے والوں کے اصل چہرے سامنے آ گئے ہیں۔ ثابت ہو گیا ہے کہ تحریک انصاف فاشسٹ جماعت بن چکی ہے۔ فیصل آباد کے شہریوں نے عمران خان کی کال کو مسترد کر کے ثابت کر دیا کہ وہ پرامن سیاست کے علمبردار ہیں۔عمران خان جلاﺅگھیراﺅ کی سیاست کر کے ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں مگر عوام ان کے پرتشدد ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔اپنے ایک بیان میں سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ عمران خان کی دروغ گوئی کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہو سکتا ہے کہ وہ ایک طرف ڈائیلاگ کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف عوام کو تشدد پر اکساتے ہیں۔ انہیں جان لینا چاہیے کہ احتجاج اور ڈائیلاگ کی سیاست ایک ساتھ نہیں چل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں تعلیمی ادارے اور مارکیٹیں کھلی تھیں اور ٹریفک کا پہیہ معمول کے مطابق رواں دواں تھا مگر تحریک انصاف کے کارکنوں نے ڈنڈے کے زور پر زبردستی دکانیں بند کرائیں اور جگہ جگہ ٹائرجلا کر ٹریفک کے نظام کو درہم برہم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حواریوں کی اشتعال انگیز تقریروں پر چندشرپسند عناصر نے فیصل آباد کے امن کو تباہ و برباد کر دیا ہے حالانکہ شہریوں نے ان کی کال کو یکسر مسترد کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں مگر وہ ناکام و نامراد ہی رہیں گے۔سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ عمران خان ملکی معیشت تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ چینی صدر کے دورے کا التوائ‘ ہنڈی سے پیسے منگوانے کا اعلان ‘ بل اور ٹیکس نہ دینے کی ہدایت‘ ملک کے معاشی ہب فیصل آباد‘ لاہور اور کراچی کو بند کرنے کے اقدامات پاکستانی معیشت کو تباہ کرنے کے پروگرام کا تسلسل ہیں۔ عمران خان پاکستانی معیشت کو تباہ کرنے کی بیرونی سازش کے آلہ کار ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -