نوجوان نسل کیلئے ٹریفک قوانین سے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے،طیب حفیظ چیمہ

نوجوان نسل کیلئے ٹریفک قوانین سے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے،طیب حفیظ چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(وقائع نگارخصوصی)چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کیلئے ٹریفک قوانین سے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات سول سروسز اکیڈمی میں زیرتربیت پروبیشنرسول سروس آفیسرز کے ایک وفد سے سی ٹی او آفس میں ملاقات کے دوران کی،اس موقع پرایس پی سٹی رانا شجاعت اور ایس پی ہیڈ کوارٹر اظہر گجر بھی موجود تھے۔طیب حفیظ چیمہ نے انہیں سٹی ٹریفک پولیس کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس ہمہ وقت عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے میں سرگرم عمل ہے ،ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کیلئے بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید ترین آلات سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے بہاؤ اور قوانین کی پاسداری کیلئے بلا امتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ ماہ سے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کیلئے شروع کی گئی خصوصی مہم کے دوران سٹی ٹریفک پولیس نے بغیر نمبر پلیٹ 8204،گرین نمبر پلیٹ 119 ، غیر نمونہ نمبر پلیٹ 14987 ، بغیر ہیلمٹ 41255 اور رنگدار شیشوں والی 18675 گاڑیوں کیخلاف کارروئی کی ۔اہم شاہراہوں پر پیشہ ور گداگری کرنے والے 4اور ٹریفک کے بہاؤ میں خلل اور ناجائز تجاوزات قائم کرنے پر 178 افراد کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے۔ عوام کی سہولت کے پیشِ نظر سڑکوں پر 250 مقامات پرٹریفک آگاہی سے متعلق بڑے سائن بورڈز لگائے جائیں گے۔شہریوں میں ابتک 1350 ہیلمٹ تقسیم کیئے جا چکے ہیں۔رات کے اوقات میں ڈیوٹی کرنے والے وارڈنز میں 800 الیکٹرک راڈ تقسیم کئے گئے ہیں۔سی ٹی او نے کہا کہ عوام کی بہتری اور سہولت کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے سلسلے میں آنے والوں کیلئے بھی خاطر خواہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد ہر سرکل میں لرنر بوتھ قائم کر دیا جائے گا اور ڈرائیونگ سکول کے تسلی بخش نتائج کو مدِنظر رکھتے ہوئے کینٹ اور ڈیفنس میں بھی سٹی ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول کا آغاز کیا جا رہا ہے۔سی ٹی او نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ای چالاننگ سسٹم شروع ہونے سے لوگوں کے قیمتی وقت کا ضیاع ختم ہو جائے گا۔ وفد نے سی ٹی او کوسول سروسز اکیڈمی میں وزٹ کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ ایجوکیشن اور لائسنسنگ یونٹ کو اکیڈمی میں کیمپ لگانے کی ہدایت کی جائے تاکہ افسران بھی ٹریفک آگاہی کے حوالے سے استفادہ کرسکیں۔

مزید :

علاقائی -