تحریک انصاف کے ”عسکری ونگ“ نے دہشت گردی کا ماحول گرم کیا: عابد شیر علی

تحریک انصاف کے ”عسکری ونگ“ نے دہشت گردی کا ماحول گرم کیا: عابد شیر علی
تحریک انصاف کے ”عسکری ونگ“ نے دہشت گردی کا ماحول گرم کیا: عابد شیر علی

  



اسلام آباد( ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چودھری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ”عسکری ونگ“ نے فیصل آباد کے بازار اور دکانیں کھلنے پر دہشت گردی کا ماحول گرما کے حالات خراب کئے ہیں اور عمران خان اپنے ہی ورکروں کی لاشیں گرا کر وزیراعظم بننا چاہتے ہیں لیکن محب وطن اور غیور عوام ملک و قوم کے خلاف ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ فیصل ا ٓباد ایک پرامن اور صنعتی شہر ہے، یہاں کی تاجر برادری، مزدوروں، محنت کشوں اور ٹرانسپورٹروں نے جب عمران نیازی کی ملک بند کرنے کی کال مسترد کی تو خیبر پختونخوا سے غنڈے بلوا کر سڑکوں پر ٹائر جلوائے گئے جبکہ اینٹوں، ڈنڈوں ، آہنی راڈوں اور بندوقوں کے سائے میں زبردستی دکانیں بند کرائیں گے جس کی وجہ سے لوگ مشتعل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو نشانے پر رکھ کر اپنے ہی ورکروں کی لاشیں گرا کر عمران خان وزیراعظم بننے تگ و دو کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف عملاً ”عسکری ونگ“ کا روپ دھار چکی ہے۔ داعش اور تحریک انصاف میں کوئی فرق نظر نہیں آ رہا دونوں تشدد کے فلسفے پر عمل پیرا ہیں جنہیں حسن نثار جیسے انتہائی جھوٹے اور دریدہ دہن لوگوں کی حمایت حاصل ہے۔ کرائے کے یہ ٹٹو ہر رات ٹی وی چینل پر بیٹھ کر حکومت بناتے اور گراتے ہیں تاہم صبح اٹھ کر انہیں معلوم ہوتا ہے حکومت گری ہے نہ ہی عوام کا مورال تاہم اس کے باوجود یہ معاندانہ اور قابل نفرین مہم چلائے ہوئے ہیں۔ عوام نے پی ٹی آئی کے مریل گھوڑوں کی طرح ان نیل گائیوں کو بھی مسترد کر رکھا ہے۔ چودھری عابد شیر علی نے کہا کہ موجودہ منتخب جمہوری حکومت کو باشعور قوم کی غیر مشروط حمایت اور تائید و حمایت حاصل ہے۔ بنی گالہ کے سٹڈ فارم میں بیٹھے سیاسی ”جنرل، عمران نیازی“ کا ماضی قریب میں بھی جرنیلوں نے ساتھ نہیں دیا تھا اور اب بھی کوئی ایمپائر ان کی طرف دیکھنا بھی پسند نہیں کرتا، قربانیوں کی لازوال داستان شجاعت کے تمغے سینے پر سجانے والے پاک فوج کے سربراہ اور جوان دہشت گردی کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور وہ سیاسی چھینا جھپٹی کے مکروہ کھیل کا حصہ کبھی نہیں بنیں گے۔

مزید : اسلام آباد