ساگا پریمیئر لیگ ویمن ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ قذافی سٹیڈیم میں شروع
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ساگا پریمیئر لیگ ویمن ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ قذافی سٹیڈیم میں شروع ہوگیا۔ پہلے روزدو میچز کھیلے گئے۔ ساگا پنجاب نے پہلے میچ میں ساگا سندھ کو 15 رنز سے جبکہ دوسرے میچ میں ساگا کے پی کے نے ساگا بلوچستان کو 22 رنز سے شکست دے دی ساگا پنجاب کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 121 رنز بنائے۔ 122 رنز کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 106رنز بنا سکی۔ عائشہ ظفر 44 اور فاضلیہ اخلاق 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ دوسرے میچ میں ساگا کے پی کے نے ساگا بلوچستان کو 22 رنز سے شکست دے کر اپنا کھاتہ کھولا۔ ساگا بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
ساگاکے پی کے نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 105 رنز بنائے۔ کپتان بسمہ معروف 33 اور کائنات حفیظ 29 رنزکے ساتھ نمایاں رہیں۔ بلوچستان کی طرف سے عائشہ اور اسماویہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔ ساگا بلوچستان کی ٹیم 107 کے تعاقب میں 7 وکٹ پر 83 رنز ہی بنا پائی۔ مرینہ اقبال 21، ثنا عروج 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ ساگا کے پی کے کی طرف سے الماس اکرم نے تین وکٹ حاصل کیے جبکہ ندا ڈار اور کائنات حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ویمن کرکٹ میچز دیکھنے کیلئے مقامی سکولوں کے بچے بھی موجود تھے۔ آج بروز بدھ9 دسمبرکو دو میچز کھیلے جائیں گے ۔ پہلا میچ ساگا بلوچستان بمقابلہ ساگا سندھ کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ ساگا کے پی کے بمقابلہ ساگا پنجاب ہوگا۔