محمد یاسین ملک انسانی حقوق کے عالمی دن پر 30گھنٹے کی علامتی احتجاجی بھوک ہڑتال کریں گے

محمد یاسین ملک انسانی حقوق کے عالمی دن پر 30گھنٹے کی علامتی احتجاجی بھوک ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سری نگر (کے پی آئی) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک انسانی حقوق کے عالمی دن پر سری نگر میں 30گھنٹے کی علامتی احتجاجی بھوک ہڑتال کریں گے ۔لبریشن فرنٹ سربراہ محمد یاسین ملک نے کہا کہ کشمیرکے حوالے سے خوابیدہ عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کیلئے مسلسل احتجاج لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ احتجاجی بھوک ہڑتال 9 دسمبرصبح شروع ہوکر 10 دسمبرسہ پہر تک جاری رہے گی ۔ ملک نے کہا کہ عالمی برادری ہر برس 10دسمبر کے روز انسانی حقوق کے تحفظ کا عالمی دن مناتی ہے، یہ دن منانے کا مقصد انسانوں کو حاصل بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے جموں کشمیر کے لوگوں کے جملہ انسانی حقوق روندھے جارہے ہیں اوریہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانوں کے حقوق کے ساتھ ساتھ اب ہمارے دین و ایمان پر بھی ہاتھ ڈالنے کا کام ہورہا ہے اورخاص طور پر جموں کے علاقے میں آر ایس ایس کی ایمااور حکمرانوں کی کھلی چھوٹ کے بل پر فسطائی قوتوں نے مسلمانوں کو ڈرانے دھمکانے،انہیں اپنے گھروں سے بے دخل کرنے وغیرہ کی کاوشیں شروع کررکھی ہیں۔ یاسین ملک نے کہا کہ اپنے حقوق کا تحفظ کرنا اور اس کیلئے لڑنا زندہ اقوام کا شعار ہوتا ہے اور کشمیری ایک زندہ و جاوید قوم کی حیثیت سے اپنے بنیادی انسانی حقوق کی تلفی پر چپ سادھے نہیں بیٹھ سکتے۔ یاسین ملک نے کہا کہ کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے وہ اگرچہ کسی پر مخفی نہیں لیکن عالمی ضمیر بھارت کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو محفوظ رکھنے کیلئے مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہو ں نے کہا کہ عالمی برادری نے10 دسمبرکو عالمی انسانی حقوق کے تحفظ کا دن قائم کیا ہے۔ عالمی برادری نے انسانی حقوق کا عالمی چارٹر بنا رکھا ہے اور اس پر دستخط کئے ہیں لیکن اب عالمی برادری ہی منافقانہ روش اور دوہرا معیار اختیار کرتے ہوئے کشمیریوں جیسی کمزور اقوام کے انسانی حقوق پامال کئے جانے پر خاموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور سول سوسائیٹی کے اس دوہرے معیار کو چیلنج کرنا اور خوابیدہ عالمی ضمیر کو بیدار کرنا ہمارے لئے لازم ہے اور کشمیری بھی اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

مزید :

عالمی منظر -