سمیڈا کاروباری خواتین بارے حکومتی ایجنڈا پوراکررہاہے

سمیڈا کاروباری خواتین بارے حکومتی ایجنڈا پوراکررہاہے

لاہور(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سابق نائب صدر و فاؤنڈر ممبر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈاکٹرشہلا جاوید اکرم نے خواتین میں کاروبار کے رجحان کو فروغ دینے کے سلسلے میں سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ’’سمیڈا‘‘ کی خدمات کا اعتراف کیاہے اور کہا ہے کہ سمیڈا ، خواتین کو اقتصادی طور پر با اختیا ر بنانے کے حوالے سے حکومتی ایجنڈہ کو بہترین انداز میں عملی جامہ پہنا رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے بارہویں سار ک ٹریڈ فیئر اور نوین ویکسنیٹ کی اختتامی روز سمیڈا کے زیر انتظام قائم ایس ایم ای پویلین کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر انکے ہمراہ متعدد خواتین تاجر اور سمیڈا کے سینئر اہلکار بھی موجود تھے۔ڈاکٹر شہلا جاوید اکر م نے کہا کہ سمیڈا کے تحت لاہور میں قائم ویمن بزنس انکیوبیشن سنٹر اپنے اہداف پورے کرنے کے بعد بند ہو چکا ہے مگر اس منصوبے کی کامیابی کو پیش نظر رکھتے ہوئے اب سمیڈا کوئٹہ، کراچی اور پشاور ویمن بزنس ڈویلپمنٹ سنٹرز قائم کر چکا ہے۔ اس طرح سمیڈا ملک بھر میں یکساں طور پرخواتین کو صنعت و حرفت کے شعبہ کی طرف راغب کرتا چلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں منعقدہ حالیہ سارک ٹریڈ فیئر اور ویکسنیٹ میں لاہور سے باہر نئی تاجر خواتین کو شرکت میں ضروری سہولتیں فراہم کر کے سمیڈا نے ہنر مند خواتین کو قومی اور عالمی تجارت کا حصہ بنانے کی ایک کامیاب کو شش کی ہے۔ انہو ں نے اس ضمن میں ٹی ڈیپ کی کاوش کو بھی سراہا اور دیگر بزنس ڈویلپمنٹ کے دیگر سرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ بھی خواتین کو مرکزی اقتصادی دھارے کا حصہ بنانے کیلئے سہولتیں اور رعائتیں فراہم کریں۔

انہوں نے ہنرمند اور پڑھی لکھی خواتین سے اپیل ہے کہ وہ اپنی اپنی دلچسپی کے کاروباری شعبوں میں فعال کردار انجام دینے کیلئے آگے بڑھیں۔ اس حوالے سے انہوں نے سمیڈا کے تربیتی پروگراموں اور پر ی فیزیبلٹی سٹڈیز کو بے حد کارآمد قرار دیا۔

مزید : کامرس