ایف پی سی سی آئی میں رواں سال فوٹو سیشن کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا : انجم نثار

ایف پی سی سی آئی میں رواں سال فوٹو سیشن کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا : انجم نثار

لاہور(کامرس رپورٹر)بزنس مین پینل پنجاب ریجن کے چیئرمین و لاہور چیمبر کے سابق صدر میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی میں رواں سال فوٹو سیشن کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا ۔ بزنس کمیونٹی کے ریفنڈ کی واپسی ‘انرجی ٹیرف میں مسلسل اضافہ ‘ ٹیکسوں کی بھرمار پر یو بی جی قیادت کی خاموشی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی سلطان احمد چاؤلہ کی قیادت میں بزنس مین پینل کی ٹیم کو کامیاب کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں بزنس کمیونٹی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ میاں انجم نثار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی ‘ ایسوسی ایشنز اور چیمبرز کے عہدیدان ‘ایگزیکٹیو کمیٹی اور جنرل باڈی کے ممبران 30دسمبر کو فوٹو سیشن کرانیوالوں کو مسترد کرکے اپنے لئے حقیقی نمائندوں کو منتخب کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ بزنس مین پینل کے چیئرمین سلطان احمد چاؤلہ کی قیادت میں بی ایم پی کی ٹیم بزنس کمیونٹی کے مسائل کے خاتمے کیلئے عملی جدوجہد کر رہی ہے اور ہمیشہ کرتی رہے گی اورپاکستان میں صنعتی ترقی ‘ ایکسپورٹ میں اضافے ‘ توانائی بحران کے خاتمے اور ریفنڈ جیسے اہم مسائل کے حل کیلئے حکومت کو مجبور کریگی کہ وہ بزنس کمیونٹی کے ان اہم مسئلہ کی طرف توجہ دیکر ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ۔

\انہوں نے کہا کہ اب فوٹو سیشن اور فیملی پروموشن کا دور ختم ہو چکا ہے اور بزنس کمیونٹی کے سب سے بڑے ادارے ایف پی سی سی آئی میں حقیقی نمائندے سامنے آئینگے جو بزنس کمیونٹی کے حقوق کیلئے ہر فورم پر لڑنے کو تیار ہونگے اور مسائل کے خاتمے کیلئے حکومتی ایوان اور سرکاری محکموں میں بزنس کمیونٹی کی آواز بن کر کھڑے ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ مسائل سے نآشنا شخص کو صدارت کیلئے نامزد کرنے والے یونائٹیڈ بزنس گروپ کی بزنس کمیونٹی سے محبت آشکارہ ہو چکی ہے ۔

مزید : کامرس