پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول پر اعتماد میں4فیصد اضافہ ہوا: عبدالباسط

پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول پر اعتماد میں4فیصد اضافہ ہوا: عبدالباسط

  

لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اینڈٹریڈ کے چیئرمین عبدالباسط نے کہا ہے کہ اورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی حالیہ سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کام کرنے والے اداروں اورخارجہ سرمایہ کاروں کے پاکستان میں کاروباری اور سرمایہ کاری کے ماحول پر اعتماد میں چار فیصد اضافہ موجودہ حکومت کی امن و امان درست کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے مسلسل جد و جہد کا ثمر ہے۔گزشتہ روز جاری کردہ اپنے بیان میں عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاک فوج کے اپریشن ضرب عضب سے دھشت گردوں اور ان کی پناہ گاہوں کو تہس نہس کر دیا گیا ہے . عبدالباسط نے کہا ہے کہ سب سے پہلے دوست ملک چین نے 46 ارب ڈالر کی گرانقدر سرمایہ کاری اور پاک چین اقتصادی راہداری میں شراکت کرکے پاکستان میں خارجہ سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی . عبدالباسط نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے مسلسل رابطوں سے برادر ملک ترکی سے ٹرانسپورٹ کے عظیم الشان منصوبے میٹرو بس اور بڑے شہروں میں صفائی کا نظام ترقی یافتہ ملکوں کے ہم پلہ بنانا ممکن ہو سکا

. پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اینڈ ٹریڈ کے چیئرمین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی کوششوں سے حالیہ دنوں میں اسلام آباد اور لاہور میں تین روزہ سرمایہ کاری کانفرنس پاکستان میں سرمایہ کاری راغب کرنے کے لیے شاندار اقدام تھا . انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں دو سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے شرکت کرکے پاکستان میں کاروباری حالات پر نہ صرف اپنے اعتماد کا اظہار کیا بلکہ انہوں نے پاکستان کے کاروباری اداروں اور افراد کے ساتھ اشتراک و تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط بھی کیئے . عبدالباسط نے اورسیز انویسٹر چیمبر کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندرون ملک سیاست دان اور ایوانہائے صنعت و تجارت حکومتی کاوشوں کو زیادہ سے زیادہ ثمر آور بنانے میں مدد گار بنیں تو خوشحالی اب پاکستان سے زیادہ دور نہیں . انہوں نے کہا کہ پاکستانی صنعتوں کے لیے بجلی کی قلت بڑا مسئلہ ہے جس کے لیے حکومت پاکستان نے متعدد منصوبوں پر کام شروع کر رکھا ہے انہوں نے کہا کہ آج نہیں تو کل ضرور ان منصوبوں سے بجلی ملنا شروع ہو جائے گی . عبدالباسط نے کہا ہے کہ اگر بجلی کے منصوبوں کی نگرانی پنجاب کے مرد آہن میاں محمد شہباز شریف کے حوالے کر دی جائے تو برسوں کا کام یقینی طور پر مہینوں میں مکمل ہو جائے گا ۔

مزید :

کامرس -