کاشتکاروں کو کاہو کی کاشت 15دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

کاشتکاروں کو کاہو کی کاشت 15دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

فیصل آباد(بیورورپورٹ)ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو کاہو کی کاشت 15دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ اگرچہ کاہو کی کاشت کا موزوں ترین وقت 30نومبر تک ہے تاہم اگر کسی وجہ سے مذکورہ شیڈول کے تحت کاہو کی کاشت نہیں کی جاسکی تو کاشتکار اگلے ہفتہ کے دوران کاہو کی کاشت مکمل کرکے بہترین پیداوار حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کاہو ایک اہم ترین جڑی بوٹی ہے جسے مختلف ادویات میں استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے تیل اور بیج کو انتہائی مفید مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکتاہے نیز کاہو سر درد ، نزلہ اور یرقان کے مریضوں کیلئے بھی انتہائی زود اثر ہے جبکہ کاہو کے سرکہ کے ساتھ استعمال سے بھوک نہ لگنے کی شکایت بھی رفع ہو جاتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ کاہو کے بیج سے نکالا گیا روغن انتہائی معجزاتی خوبیوں کاحامل ہے اور جن افراد کو یہ شکایت ہو کہ انہیں رات کو نیند نہ آتی ہے اگر ان کے سر پر کاہو کے تیل کی مالش کر دی جائے تو ان کی یہ شکایت بھی ختم ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردی کے موسم میں میرا زمین میں کاہو کی کاشت سے پودا بہتر انداز مین پھلتا اور پھولتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ زمین اچھی طرح تیار کر کے اس میں گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے سے مزید بہتر نتائج بھی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

مزید : کامرس