ایس ای سی پی کے زیر اہتمام جمع پونجی ویب پورٹل کے فوائد بارے سیمینار

ایس ای سی پی کے زیر اہتمام جمع پونجی ویب پورٹل کے فوائد بارے سیمینار

اسلام آباد (اے پی پی) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے تاجر براری کو کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے جمع پونجی ویب پورٹل کے فوائد سے بہتر طور پرآگاہ کرنے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک سمینار کا انعقاد کیا جس میں تاجروں و صنعتکاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد تاجر برادری کو کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے فنانشل لٹریسی کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا تا کہ وہ سمجھداری کے ساتھ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر سکیں اور نقصانات سے بچ سکیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ای سی پی کے ڈپٹی ڈائریکٹر مرتضیٰ عباس اور ڈپٹی رجسٹرار اکرم قریشی نے جمع پونجی ویب پورٹل کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ لاعلمی کی وجہ سے بہت سے سرمایہ کار کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے اپنا سرمایہ کھو بیٹھتے ہیں جبکہ بہتر معلومات کے ساتھ وہ اسٹاک مارکیٹ میں منافع بخش سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرتے وقت محض قیاس آرائیوں پر بھروسہ نہ کریں کیونکہ ان میں نقصانات کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں اور بہتر معلومات حاصل کر کے سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ فنانشل مارکیٹ کے بارے میں سمجھ بوجھ اور بنیادی معلومات کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس ای سی پی نے جمع پونجی کے نام سے ایک ویب پورٹل قائم کیا جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کے بارے میں مفید معلومات فراہم کرنا ہے تا کہ وہ فنانشل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرتے وقت فراڈ اور مالی نقصانات کے امکانات سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ویب پورٹل موجودہ اور متمنی سرمایہ کاروں کو میوچل فنڈز، پنشن فنڈز، انشورنس اور کمپنی رجسٹریشن سمیت کیپیٹل مارکیٹ کی مختلف پراڈکٹس میں سرمایہ کاری کرنے کے بارے میں بہتر رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے اس ویب پورٹل سے ضرور استفادہ حاصل کریں تا کہ وہ نقصانات سے بچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ کیپیٹل مارکیٹ میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع پائے جاتے ہیں کیونکہ ایسے ادارے اب سٹاک مارکیٹ میں درج ہو کر اپنے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے کیپٹل مارکیٹ سے سرمایہ اکھٹا کر سکتے ہیں۔اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کارپوریٹ سیکٹر میں گڈ گورننس کو فروغ دینے کے بارے میں سیکیورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی کی طرف سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا ایک بہت مثبت اقدام ہے کیونکہ اس سہولت سے ان کو اپنے موجودہ کاروبار کو وسعت دینے اور نیا کاروبار شروع کرنے کیلئے سٹاک مارکیٹ سے سرمایہ حاصل کرنے کے مواقع مل گئے ہیں۔

مزید : کامرس


loading...