حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے باعث معیشت مستحکم ہوگی ،خواجہ شاہ زیب اکرم

حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے باعث معیشت مستحکم ہوگی ،خواجہ شاہ زیب اکرم

لاہور(کامرس رپورٹر) خواجہ شاہ زیب اکرم وائس چیئرمین پیاف و چیئرمین فیروز پور انڈسٹریل ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت مستحکم ہوگئی ہے پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنا خوش آئند ہے لیکن روپے کے مقابلہ میں ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔یکم اپریل2015کو ڈالر 98.09روپے جبکہ 23جون2015کو ڈالر 100روپے تھاجبکہ اب ڈالر 106روپے سے بھی زائد ہے حکومت کی طرف سے ڈالر کے ریٹ2روپے کم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے لیکن کوشش کی جائے کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے نہ پائے اور اسے واپس یکم اپریل کی سطح پر لایا جائے ۔

خواجہ شاہ زیب نے کہا کہ پاکستان روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ سے خام مال کی قیمت بڑھ رہی ہے جس سے پیداواری لاگت میں اضافہ اور صنعتکار پریشانی کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی اصلاحات کے باعث درجہ بندی میں بہتری کے نتیجے میں ایشیائی ترقیاتی بنک نے1.4ارب ڈالر کے آسان قرضے کی منظوری دے دی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو مالی خسارہ کو5.3فیصد تک کم کرنے کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے مثبت اقتصادی اصلاحات کے باعث ہی مالی خسارہ 4.3فیصد تک لانے کا ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرے تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید اضافہ ہو اور حکومت معاشی بحران سے نجات حاصل کرسکے۔

مزید : کامرس